1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان بھی ’بگ تھری‘ کو تسلیم کرنے پر تیار

عاطف بلوچ11 اپریل 2014

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی تنظیم نو کی اس وقت حمایت کی جائے گی جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تمام رکن ممالک بالخصوص بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

https://p.dw.com/p/1Bg5u
تصویر: AFP/Getty Images

دنیائے کرکٹ کے منتظم عالمی ادارے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے رکن ممالک میں شامل پاکستان وہ واحد ملک ہے، جس نے ابھی تک آئی سی سی میں اصلاحات کے اس منصوبے کی منظوری نہیں دی ہے۔ اس مجوزہ منصوبے کے تحت زیادہ تر اختیارات بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس چلے جائیں گے۔

یہ اصلاحاتی منصوبہ آئی سی سی کی رواں برس فروری میں سنگاپور منعقدہ ایک میٹنگ میں متعدد رکن ممالک نے منظور کر لیا تھا۔ اس وقت سری لنکا اور پاکستان نے اپنی رائے محفوظ رکھی تھی۔ تاہم سری لنکا نے گزشتہ ماہ ’بگ تھری‘ کے حوالے سے معروف ہونے والی اس قرار داد کو منظور کر لیا۔

پی سی بی کے ليے پاک بھارت سيريز سب سے زيادہ آمدنی کا ذريعہ بنتی ہے
پی سی بی کے ليے پاک بھارت سيريز سب سے زيادہ آمدنی کا ذريعہ بنتی ہےتصویر: Getty Images

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی دبئی میں منعقد کی جانے والی دو روزہ کانفرنس کے اختتامی دن بروز جمعرات پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس کی تنظیم نو کی حمایت کا عندیہ دے دیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کی اِس ترمیم شدہ قرار داد کی مشروط حمایت کا اعلان کرتی ہے، جسے قبل ازیں تمام رکن ممالک متقفہ طور پر منظور کر چکے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق اس نئے اصلاحاتی مسودے پر اس وقت دستخط کیے جائیں گے، جب پاکستان کو آئی سی سی کے تمام رکن ممالک بالخصوص بھارت کے خلاف دو طرفہ سیریز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔ یہ امر اہم ہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کو سب سے زیادہ ریونیوز اس وقت ملتے ہیں، جب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل ہوتی ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں نے 2008ء کے بعد مکمل دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے۔ اگرچہ پاکستان نے دسمبر 2012ء اور جنوری 2013ء کے دوران بھارت کا دورہ کیا تھا اور محدود اووز کی ایک سیریز کھیلی تھی تاہم اس کوشش سے بھی ان دونوں روایتی حریفوں کے مابین مکمل دو طرفہ سیریز شروع کرنے میں مدد نہیں ملی تھی۔

جمعرات کے دن پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ دبئی ميں منعقدہ کانفرنس میں پاکستان کو یقین دلایا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت کے خلاف مکمل دو طرفہ سیریز کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔