1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے پرعزم‘

بینش جاوید
10 دسمبر 2018

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے پر عزم ہے۔

https://p.dw.com/p/39nLE
Pakistan - Imran Khan ist der neue Ministerpräsident
تصویر: picture-alliance/Photoshot

ستر سال پہلے یعنی 10 دسمبر 1948ء کو  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کی قرارداد منظور کی تھی۔ اس قرارداد میں تمام انسانوں کی آزادی، برابری اور احترام کو یقینی بنانے کا عزم کیا گیا تھا۔ عمران خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، ’’پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنھوں نے اس قرارداد پر دستخط کیے تھے اور پاکستان آئین اور قانون کے تحت بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے پر عزم ہے۔‘‘

پاکستان کی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی اپنے ٹوئٹر پر آج کے دن کی مناسبت سے پیغام جاری کیا۔ شیری مزاری نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’پاکستان نے گزشتہ تین ماہ  میں اقلیتوں، تشدد سے تحفظ، انصاف کی رسائی اور بچوں کے حقوق سے متعلق نو قانونی مسودے تیار کیے ہیں۔‘‘ تاہم کئی افراد نے سوشل میڈیا پر انسانی حقوق کی وزیر کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے گمشدہ افراد کے معاملے کو اٹھایا۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کے سربراہ کی آج بلوچستان میں داخلے پر پابندی کے معاملے پر بھی کئی افراد نے پاکستانی حکومت کو تنقید کا نشان  بنایا۔

انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کو 2022ء تک انسانی حقوق سے متعلق اپنے ریکارڈ کو بہتر کرنا ہوگا کیوں کہ پاکستان نے ’یونیورسل ڈیکلیئریشن آف ہیومن رائٹس‘ پر دتخط کیے ہوئے ہیں اور اس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے  حقوق کی پاسداری کرے۔