1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان انتہا پسندوں کی مدد بند کرے، امریکی وزیر خارجہ

24 اکتوبر 2018

امریکی وزیر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ افغان انتہاپسندوں کی مدد بند کرے۔ اپنے اسی بیان میں امریکی وزیر خارجہ سے افغان انتخابات کے انعقاد کا خیرمقدم کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/374si
Afghanistan - Taliban Kämpfer
تصویر: Getty Images/AFP/N. Shirzada

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم نہیں کرے گا اور اس ضمن میں اپنی سرحدی نگرانی کے انتظامات کو مزید بہتر کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے لیے امریکی پیغام واضح اور صاف ہے کہ دہشت گردوں کی مزید مدد مت کی جائے۔  

پومپیو کے مطابق اگر اسلام آباد مزید اقدامات نہیں کرتا تو اُسے حالات بگاڑنے کی ذمہ داری قبول کرنا ہو گی۔ انہوں نے اپنے اس بیان میں یہ بھی کہا کہ طالبان اور حقانی گروپ کے لیے پاکستان کے اندرونی علاقے محفوظ مقامات کے طور پر قائم نہیں رکھے جا سکتے۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنی افغان پالیسی کے تناظر میں گزشتہ ماہ پاکستان کی تین سو ملین امریکی ڈالر کی فوجی امداد کو روک دیا ہے۔

پومپیو کے مطابق افغانستان میں سبھی فریق امن کے متمنی ہیں اور اس منزل کو ایک دن حاصل کر لیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اپنی مغربی سرحد کی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ اس وقت بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

USA | US-Außenminister Pompeo empfängt Pakistans Außenminister Qureshi
امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی مغربی سرحد کی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Owen

اس صورت حال میں پاکستان کا موقف ہے کہ افغان جنگ میں داخلی سطح پر انتہاپسندوں کے خلاف عسکری کارروائیاں کرتے ہوئے بے پناہ انسانی جانوں کی قربانیاں دی گئی ہیں اور وہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں میں مدد کر سکتا ہے۔

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان انتخابات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پیدا ہونے والی بدمزگیوں کے باوجود افغان ووٹرز کے ٹرن آؤٹ پر امریکا کو مسرت ہوئی ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد رواں مہینے کے اوائل میں طالبان کے وفد سے خلیجی ریاست قطر میں ملاقات کر چکے ہیں۔ طالبان اور امریکا کے درمیان رواں برس کے دوران یہ براہ راست پیدا ہونے والا دوسرا رابطہ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں