پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ پھر ناکام
17 جون 2012کولمبو میں ہفتے کو کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ حیران کن اور ڈرامائی انداز میں ناکامی سے ہمکنار ہوئی۔ اس ڈرامائی ناکامی میں سری لنکا کے نوجوان میڈیم فاسٹ بالر تھیسارا پریرا کا رول انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ایک ایسا اوور بھی کرایا جس میں کوئی رن نہ بنا اور انہوں نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا۔ یہ 40 واں اوور تھا اور اس اوور میں چار پاکستانی کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ چوتھے کھلاڑی کو پریرا نے رن آؤٹ کیا۔
اڑتیسویں اوور کے شروع ہونے تک پاکستان کی پوزیشن بہت بہتر تھی اور اس وقت دو وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بن چکے تھے۔ بس اس کے بعد اگلے 33 رنز کے عوض پاکستانی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔ پاکستان کے چھ کھلاڑی بغیر کسی اسکور کے آؤٹ ہوئے۔ ان میں محمد حفیظ، یونس خان، شاہد آفریدی، سرفراز احمد، عمر اکمل اور سہیل تنویر شامل ہیں۔ اظہر علی دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں کی پویلین پریڈ دیکھتے رہے۔ وہ 81 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ مسلسل پانچویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے اور ان کے بعد اظہر علی اور کپتان مصباح الحق کے درمیان 113 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ مصباح الحق نصف سینچری بنانے کے بعد 57 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ مصباح کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی کھلاڑی بس آتے رہے اور جاتے رہے۔ ساری ٹیم 199 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ پریرا کے علاوہ مالنگا نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکا کی ٹیم کے کپتان مہیلا جے وردھنے کا میچ جیتنے کے بعد تھیسارا پریرا کے حوالے سے کہنا تھا کہ وہ ہر میچ کے بعد ایک بہتر بالر بن رہا ہے اور مسلسل اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کی کوشش میں ہے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میچ بظاہر ان کے کنٹرول میں دکھائی دے رہا تھا مگر اچانک جو ہوا، وہ ان کی سمجھ سے باہر ہے۔ مصباح الحق نے اپنی ٹیم کی خراب فیلڈنگ کا تذکرہ بھی کیا۔ پاکستانی ٹیم کے عمر گل نے سنگاکارا کا کیچ 35 کے اسکور پر گرایا تھا اور اس کے بعد وہ مزید 62 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
سری لنکا کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 50 اوورز میں میزبان ملک کی ٹیم صرف 243 رنز بنا سکی اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ سب سے زیادہ اسکور سنگاکارا کا رہا جو 97 رنز تھا۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل، محمد حفیظ اور سہیل تنویر دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ شاہد آفریدی کی بالنگ عمدہ رہی لیکن وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ انہی کی بالنگ پر عمر گل نے سنگا کارا کا کیچ گرایا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ پیر اٹھارہ جون کو کولمبو میں کھیلیں گی۔ اس وقت ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو ایک کے مقابلے میں دو میچ جیت کر سبقت حاصل ہے۔
ah/mm (AFP)