پارلیمنٹ اپنا کام شروع کرے، عراقی سپریم کورٹ
25 اکتوبر 2010عراق میں سیاسی صورت حال کے تناظر میں سول سوساسٹی کے نمائندوں نے سپریم کورٹ میں عرضی پیش کی تھی اور درخواست کی تھی کہ اراکین پارلیمنٹ کو حکومت سازی کے عمل کو شروع کرنے پر پابند کیا جائے۔
اس مقدمے میں یہ مدعا بھی اٹھایا گیا کہ پارلیمنٹ کو فوری طور سپیکر کا انتخاب کرنا ضروری ہے اور موجودہ سپیکر فواد معصوم کی جگہ منتخب سپیکر وقت کی ضرورت ہے۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ فواد معصوم صرف اس باعث سپیکر کے عہدے پر براجمان ہیں کہ پارلیمنٹ میں وہ سب سے بڑی عمر کے رکن ہیں۔ عراقی دستور کے مطابق انتخابی نتائج کی حتمی توثیق کے بعد اگلے پندرہ دنوں میں سپیکر اور اس کے دو نائب منتخب کئے جانے چاہئیں۔ اس کے بعد اگلے پندرہ دنوں میں نئے صدر کا انتخاب کیا جانا بھی دستوری ضرورت ہے اور پھر پارلیمنٹ کو اکثریت کی بنیاد پر وزیر اعظم کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔
عراق میں حکومت سازی کا عمل سات ماہ سے معطل ہیں۔ سیاسی اکابرین ہمسایہ ملکوں کے دوروں کو اہمیت دئے ہوئے ہیں۔ اندرون خانہ مشاورت کا عمل انتہائی سست دکھائی دیتا ہے۔
عراق میں سات مارچ کو پارلیمانی انتخابات کا عمل مکمل ہوا تھا۔ انتخابی نتائج نے معلق پارلیمنٹ کا تعین کیا اور اس طرح مجموعی صورت حال پیچیدہ ہو کر رہ گئی۔ الیکشن کے بعد معرض وجود میں آنے والی نئی پارلیمنٹ کا ایک اجلاس وسط جون میں طلب کیا گیا تھا۔ یہ اجلاس صرف بیس منٹ تک جاری رہا تھا اور اس کے بعد مؤخر کردیا گیا۔ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے بڑے گروپوں کے رہنماؤں کے درمیان بات چیت صرف پارلیمنٹ کے اجلاس کے موقع پر مصافحہ کی حد تک محدود رہی۔
عراق میں نئی پارلیمنٹ کے بعد حکومت سازی کے لئے فریقین نے جتنا وقت لے لیا ہے وہ عالمی جمہوری دور میں ایک تاریخی ریکارڈ بن گیا ہے۔ بڑے گروپوں کے رہنماؤں میں نوری المالکی اور ایاد علاوی کا شمار ہوتا ہے۔ اگلے ہفتے کے دوران بدھ کو کرد علاقے کے شہر اربیل میں مختلف دھڑوں کا اجلاس طے ہے اور اس میں ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ مبصرین کے خیال میں نوری المالکی بضد ہیں کہ ان کو وزیر اعظم نامزد کیا جائے جبکہ ان کی کھلی مخالفت اب سامنے آ چکی ہے۔ ایاد علاوی بھی وزیر اعظم بننے کی خواہش رکھتے ہیں اور کئی سیاستدان ایران پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں کہ وہ المالکی کی حمایت کر کے عراق کے اندر عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل