1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئٹر کو محفوظ بنایا جائے، یورپی یونین کا مسک کو انتباہ

1 دسمبر 2022

یورپی یونین کے ایک اعلیٰ اہلکار نے ایلون مسک سے کہا ہے کہ ٹوئٹر کو یورپی یونین کے نئے قوانین پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی۔

https://p.dw.com/p/4KLN3
ٹوئیٹر کے مالک ایلون مسکتصویر: OLIVIER DOULIERY/AFP

یورپی یونین کے کمشنر برائے ڈیجیٹل پالیسی تھیئری بریٹن نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو خبردار کیا ہے کہ ان کی کمپنی کو یورپی یونین کے سوشل میڈیا کے لیے نئے قوانین پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی۔

بریٹن اور مسک کے درمیان ویڈیو کال

یورپی یونین کے کمشنر برائے ڈیجیٹل پالیسی تھیئری بریٹن اور ایلون مسک کے درمیان ویڈیو کال کے دوران ٹوئٹر کی طرف سے یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ پر عمدرآمد کے لیے آمادگی کے معاملے پر بات ہوئی جو آئندہ برس سے لاگو ہو جائے گا۔

اس نئے قانون کے مطابق کمپنیوں کو ایسے مواد کو روکنا ہو گا جو دہشت گردی، بچوں سے جنسی زیادتی، نفرت انگیزی اور تجارتی فراڈ کو فروغ دینے کا سبب بن سکتا ہو۔

بریٹن نے مسک کی طرف سے ٹوئیٹر کو نئے قوانین کے مطابق بنانے پر آمادگی ظاہر کرنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس پلیٹ فارم کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

یورپی یونین کے کمشنر کے مطابق، ''مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ انہوں نے اسے احتیاط سے پڑھا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اسے عالمی سطح پر لاگو کیا جانا قابل فہم عمل ہو گا۔‘‘ بریٹن کے مطابق تاہم ''ہمارے لیے یہ بات بالکل واضح ہونی چاہیے کہ اس کے لیے بہت زیادہ کام کرنا ہو گا، کیونکہ ٹوئٹر کو صارفین کی شفاف پالیسیز کو لاگو کرنا ہو گا، شیئر کیے جانے والے مواد پر نظر رکھنے کا عمل بڑھانا ہو گا، آزادی اظہار کا تحفظ کرنا، غلط معلومات سے نمٹنے کا عزم اور مخصوص اشتہارات دکھانے کے عمل کو محدود کرنا ہو گا۔‘‘

خیال رہے کہ یورپی یونین کے نئے قوانین پر عملدرآمد میں ناکامی پر نہ صرف کسی کمپنی کو اس کی عالمی سطح پر سالانہ کمائی کا چھ فیصد تک جرمانہ ہو سکتا ہے بلکہ اس پر یورپی یونین میں پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے بڑی تبدیلیاں

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو رواں برس اکتوبر میں 44 بلین ڈالر میں خریدا۔ اس کے بعد سے وہ خود کو آزادی اظہار کے ایک بڑے علمبردار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے بہت سے حامی ٹوئیٹر کی سابق انتظامیہ پر سنسر شپ کا الزام عائد کرتے ہیں۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر خرید لیا، ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال ہو گا؟

ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے مسک کمپنی کے کُل 7500 ملازمین سے قریب نصف کو ان کی نوکریوں سے فارغ کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ نامعلوم تعداد میں ایسے کنٹریکٹرز کو بھی ہٹا دیا گیا ہے جو ٹوئٹر پر شیئر کیے جانے والے مواد پر نظر رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ ٹوئٹر کی ایگزیکٹیو ٹیم کے بہت سے ارکان نے خود سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

گزشتہ ہفتے یورپی کمیشن کے اقدار اور شفافیت سے متعلق امور کی نائب صدر ویرا یورووا نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ انہیں ٹوئٹر کے یورپپی اسٹاف میں سے بہت سے لوگوں کو نوکری سے فارغ کرنے پر شدید تحفظات ہیں۔

ا ب ا/ش ر (اے پی، روئٹرز)