1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

وینڈی شرمن کا دورہ پاکستان: توقعات اور مطالبات

8 اکتوبر 2021

امریکی محکمہ خارجہ کی دوسری اہم ترین عہدے دار وینڈی شرمین پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دورے کے مقصد اور اہمیت کے بارے میں مختلف حلقوں میں بحث کا آغاز ہوچکا ہے۔

https://p.dw.com/p/41RrB
China | Stellvertretende US-Außenministerin Wendy Sherman
تصویر: Phoenix TV/AP Video/picture alliance

امریکا کی ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف سے ملاقاتیں کی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان چاہتا ہے کہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکہ کے ساتھ وسیع، طویل المدتی اور مستحکم تعلقات استوار کئے جائیں۔ شاہ محمود قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور پاکستان کے باہمی فائدے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مناسب بات چیت ضروری ہے۔

طالبان کی مدد کس نے کی؟ امریکی سینیٹرز کا تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان کیا چاہتا ہے؟

ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب کا کہنا ہے کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ طالبان کی جگہ افغانستان میں کوئی اور گروہ آئے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا ، "ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ اور دنیا طالبان کو تنہا نہ چھوڑے بلکہ انہیں انسانی ہمدری کی بنیاد پر مدد فراہم کی جائے اور مسائل پر ان سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے، طالبان کو تنہا چھوڑنے کی صورت میں پوست کی کاشت اور دہشت گرد گروہوں کے اضافے سمیت دیگر مسائل میں اضافہ ہوسکتا ہے۔"

Pakistan Außenministerium in Islamabad
امریکا کی ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کیتصویر: Abdul Sabooh

امریکہ کیا چاہتا ہے؟

ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب کا کہنا تھا کہ افغانستان کے نو ارب ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثوں کو بھی امریکہ کی طرف سے غیر منجمد کیا جانا ضروری ہے اور ایسا کرنے سے جنگ زدہ ملک کو معاشی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ، "افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کے بڑھنے کی صورت میں ، امریکہ ہوائی حملے یا ڈرون استعمال کرے گا جس کے لیے اسے پاکستان کی فضائی حدود کی ضرورت ہوگی۔ چنانچہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اسے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے۔‘‘

امریکا اور پاکستان ایک دوسرے کی ضرورت کیوں؟

سخت باتیں

کچھ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 22 سینیٹرز کی قرارداد کے بعد یہ دورہ بہت اہم ہو گیا ہے اور امریکہ پاکستان کے ساتھ سختی سے پیش آنے والا ہے۔ ایریا اسٹڈی سینٹر، پشاور یونیورسٹی کے سابق پروفیسر سرفراز خان نے ڈی ڈبلیو اردو کو بتایا ، "امریکہ اس بات سے لاتعلق نہیں ہوسکتا کہ افغانستان میں کیا ہورہا ہے۔ آنے والے وقت میں ہوسکتا ہے کہ وہ طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف فضائی طاقت کا استعمال یا فضائی حملے کرنا چاہے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ یہ واضح کردیں کہ اگر اسلام آباد بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مالی مدد چاہتا ہے تو اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کے امریکی مطالبے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ "

USA Wendy Ruth Sherman
مریکی محکمہ خارجہ کی دوسری اہم ترین عہدے دار وینڈی شرمین تصویر: Rod Lamkey/CNP/abaca/picture alliance

پاکستان کو امریکی مطالبات نہیں ماننے چاہئیں

کراچی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سابق چیئرپرسن ڈاکٹر طلعت اے وزرات ڈاکٹر کہتی ہیں کہ وینڈی شرمین سخت مطالبات کے ساتھ آئی ہیں.انھوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "امریکہ ہوائی اڈے چاہتا ہے جسے پاکستان پہلے ہی مسترد کر چکا ہے، اب واشنگٹن چاہتا ہے کہ اسلام آباد اسے کم از کم ایک ایئر کوریڈور کی پیشکش کرے جسے امریکہ آئی ایس کے اور افغان طالبان کے خلاف استعمال کر سکے۔‘‘

ڈاکٹر طلعت وزارت نے کہا کہ پاکستان سے اس طرح کی اجازت افغان طالبان کو مشتعل کرنے کے علاوہ چین اور روس کو بھی ناراض کر سکتی ہے۔

افغانستان سے متعلق امریکا اور پاکستان میں پہلی بات چیت

پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش

ڈاکٹر طلعت کا کہنا ہے کہ یہ دورہ امریکی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ اڈے کے لیے پاکستان پر مزید دباؤ ڈالا جا سکے، "لیکن سوال یہ ہے کہ روس اور کچھ وسطی ایشیائی ریاستوں نے بھی واشنگٹن کو فوجی اڈوں کی پیشکش کی ہے لیکن امریکہ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے سے گریزاں ہے۔ امریکہ اس بات پر کیوں قائم ہے کہ وہ صرف پاکستان سے اڈے چاہتا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔"