1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینزویلا میں دو امریکیوں پر دہشت گردی کا الزام عائد

9 مئی 2020

دو امریکی فوجیوں پر وینزویلا میں دہشت گردی کے ساتھ حکومت کا تختہ الٹنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ فوجی صدر نکولاس مادورو کی حکومت گرانا چاہتے تھے۔ الزام ثابت ہونے کی صورت میں ان کو تیس برس تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3by5n
Venezuela Jorge Rodriguez zeigt Video von Airon Berry
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Venezuela Ministry of Communication press office

مادورو حکومت کے اٹارنی جنرل طارق ولیم صاب نے جمعہ آٹھ مئی کو ایک پریس کانفرنس میں دونوں امریکی فوجیوں پر الزامات عائد کیے جانے کی تفصیلات بیان کی تھیں۔ اس پریس کانفرنس میں صاب نے واضح کیا کہ یہ فوجی حکومت گرا کر اُس پر قبضہ کرنے کی کوشش میں تھے۔

طارق ولیم صاب نے ان امریکیوں کی شناخت کا بھی اعلان کیا۔ ان میں ایک چونتیس برس کا لیوک ڈینمین اور دوسرا اکتالیس سالہ ائرن بیری ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ دونوں سابق امریکی فوجی ہیں۔ ان امریکی فوجیوں کو حکومت گرانے، دہشت گردی پھیلانے کے علاوہ غیر قانونی طور پر جنگی ہتھیاروں کو وینزویلا پہچانے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں شریک ہونے کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیے: تیل اور سونے کا تبادلہ: ایران اور وینزویلا دشمن کے خلاف متحد

ڈینمین اور بیری کو وینزویلا میں گزشتہ ہفتے کے دوران دیگر اکتیس افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری ایک ساحلی علاقے میں غیرقانونی انداز میں داخلے کے وقت ہوئی تھی۔ ان افراد اور سکیورٹی فورسز کے درمیان پیش آنے والی جھڑپ میں کم از کم آٹھ افراد کی مبینہ ہلاکت بھی بتائی گئی تھی۔ مرنے والے آٹھ افراد کی قومیتوں کے بارے نہیں بتایا گیا۔

Venezuela Caracas | Militär Equipment | Präsident Nicolas Maduro
تصویر: picture-alliance/AP Photo

طارق ولیم صاب نے اپنی پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کے ملکی اپوزیشن لیڈر خوآن گوائیڈو کے ایک اہم مشیر خوان ہوزے رینڈون کی گرفتاری کے انٹرنیشنل وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ رینڈون کو حکومت گرانے کی مبینہ کارروائی میں بطور سہولت کار پیش کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی حکام کے ساتھ اس مبینہ فوجی مداخلت میں مدد دینے کے کنٹریکٹ پر دستخط کیے تھے۔

مزید پڑھیے: وینزویلا کی حمایت پر کیوبا کے وزير کے خلاف امریکی پابندياں

وینزویلا کے اٹارنی جنرل نے بتایا کی انٹرنیشنل وارنٹ امریکی فوج کے طبی شعبے کے ایک سابق افسر جارڈن گودرُو کے خلاف بھی جاری کرنے کی درخواست انٹرپول حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ گودرُو نے دونوں امریکی فوجیوں کے ساتھ گرفتار ہونے والے افراد کو عسکری نوعیت کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ مادورو حکومت گرانے کے مبینہ منصوبے کی پلاننگ بھی کی تھی۔

طارق ولیم صاب کے مطابق مزید بائیس مشتبہ ملکی شہریوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ان میں کون کون شامل ہے، اس کی تفصیل بھی بتائی نہیں گئی ہے۔ اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ گرفتار ہونے والے ملکی شہریوں کو ایک غیر ملک کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ملکی حکومت گرانے کی سازش کے الزام کا سامنا ہو گا۔

دوسری جانب امریکی حکومت نے وینزویلا کے ان الزامات کی پرزور الفاظ میں تردید کی ہے۔

جنوبی امریکی ملک وینزویلا اور امریکا کے مابین کشیدہ تعلقات کے باعث اُس سارے خطے میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ امریکا نے مادورو حکومت کے خلاف کئی پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔ اس کشیدگی میں صدر نکولاس مادورو بھی امریکا پر ملک میں مداخلت کے کئی الزامات لگانے کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وینزویلا کو گہرے سیاسی عدم استحکام اور انتہائی کمزور معاشی صورت حال کا سامنا ہے۔

ع ح، ع آ  (ڈی پی اے، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں