ومبلڈن: راجر فیڈرر چوتھے راؤنڈ میں
27 جون 2009راجر فیڈرر نے ستائسیوں رینک کے جرمن کھلاڑی کو چار سیٹس میں چھ تین، چھ دو، چھ سات اور چھ ایک سے شکست دی۔ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والا یہ میچ ٹورنامنٹ میں فیڈرر کے لیے اب تک کا مشکل ترین میچ تھا۔
راجرر فیڈرر نے پہلے دو سیٹس میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ تیسرے سیٹس میں اپنا ردھم برقرار نہیں رکھ پائے۔ چوتھے سیٹ میں انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ میں فتح حاصل کی۔ فیڈرر نے اس میچ میں اپنی کارکردگی کو ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی قرار دیا ہے۔
پانچ مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اس برس ومبلڈن جیت کر اپنا چھٹا ومبلڈن اور پندرہواں گرینڈ سلَیم جیتنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اگر وہ یہ گرینڈ سلیم جیت جاتے ہیں تو وہ امریکی کھلاڑی پیٹ سمپراس کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
راجرر فیڈرر کا مقابلہ اب چوتھے راؤنڈ میں رابن سوڈرلنگ سے ہوگا۔ رابن سوڈرلنگ اور فیڈرر حال ہی میں فرنچ اوپن کے فائنل میں بھی مدِ مقابل تھے جسے فیڈرر نے با آسانی جیت لیا تھا۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر ایک ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ نہیں کھیل رہے۔
خواتین کے مقابلے میں سیرینا ولیمز چوتھے راؤنڈ میں پیش قدمی کرچکی ہیں۔