1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں بھارت کی جیت

عاطف بلوچ22 مارچ 2014

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں بھارت نے اپنے روایتی حریف پاکستان کو ایک آسان مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے مات دے کر کامیابی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BUA6
ویراٹ کوہلی نے چھتیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیتصویر: AP

جمعے کے دن بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے پہلے میچ میں بھارتی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بنا سکی۔ ’سپر ٹین‘ مرحلے کے اس میچ میں بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں ہی 131 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔

بھارتی اسپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عمر اکمل کے سوا کوئی بھی دوسرا کھلاڑی اعتماد کے ساتھ ان کی بولنگ کا سامنا نہ کر سکا۔ عمر اکمل پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے 33 رنز بنائے اور محمد شامی کا نشانہ بنے۔ دیگر بلے بازوں میں احمد شہزاد بائیس، صہیب مقصود اکیس، شعیب ملک اٹھارہ جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان محمد حفیظ پندرہ رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھا سکے۔ شعیب ملک اور عمر اکمل نے ایک مشکل وقت میں چوتھی وکٹ کی شراکت میں پچاس رنز بنائے۔

Cricket Afghanistan vs Pakistan 27.02.2014
پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز عمر اکمل رہےتصویر: Reuters

بھارتی لیگ اسپنر امیت مشرا نے چار اوورز میں بائیس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رویندر جدیجہ نے اٹھارہ رنز دے کے ایک اور روی چندرن ایشون نے تئیس رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے جب ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھوَن نے جارحانہ انداز میں اپنے کھاتے کھولے اور پہلے سات اوورز میں ہی 54 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنا لی۔

شرما 24 رنز بنا کر سعید اجمل جبکہ دھوَن 30 رنز بنا کر عمر گل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ویراٹ کوہلی چھتیس اور سریش رائنا نے پینتس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں اور ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ کے پہلے میچ میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل، بلاول بھٹی اور عمر گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے امیت شرما نے بعد ازاں کہا، ’’ٹیم میں ریگولر جگہ بنانے میں ناکام ہونے کے باوجود ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر بے انتہا اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اپنے نیچرل بولنگ انداز کو اپناؤں اور اسی باعث میں وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔‘‘

پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ وکٹ میں تھوڑی سے نم تھی، گیند آسانی کے ساتھ بلے پر نہیں آ رہا تھا۔ جب ہمیں پچاس رنز کی پارٹنر شپ ملی تو میں نے سوچا کہ ہمیں 150 رنز کا ٹوٹل بنا لینا چاہیے تھا۔‘‘ حفیظ کا یہ بھی کہنا تھا کہ گو پاکستان یہ میچ ہار گیا ہے لیکن ابھی بھی اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کا چانس برقرار ہے۔

یاد رہے کہ عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کی ٹیم نے ابھی تک بھارت کو شکست نہیں دی ہے۔ اس میچ سے قبل ماضی میں بھارت نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی عالمی مقابلوں میں تین مرتبہ جبکہ ایک روزہ عالمی کپ مقابلوں میں پانچ مرتبہ مات دے چکا ہے۔