1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وائرس کے خوف کے باوجود حوصلہ بلند کيسے رکھا جائے؟

15 مارچ 2020

امريکا ميں اسکولوں کے طلباء نے #SunshineSongs کا ہيش ٹيگ استعمال کرتے ہوئے موسيقی اور ڈانس پر مبنی ويڈيوز شيئر کرنا شروع کر دی ہيں۔ ان کے نزديک نوولکورونا وائرس کے خوف کے باوجود يہ عمل حوصلہ بلند رکھنے کا ايک طريقہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3ZSsT
Italien Mailand Schulkinder
تصویر: picture-alliance/ROPI/Furlan

امريکا ميں کورونا وائرس کے باعث ديگر کئی اہم معاملات کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں کے کانسرٹس اور موسيقی کی تقاريب بھی منسوخ ہو گئی ہيں۔ ايسے ميں طلباء نے #SunshineSongs کا ہيش ٹيگ استعمال کرتے ہوئے موسيقی اور ڈانس پر مبنی اپنی ويڈيوز سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر جاری کرنا شروع کر دی ہيں۔

کورونا وائرس کے پھيلاؤ کو محدود رکھنے کے ليے ديگر ممالک کی طرح امريکا ميں بھی اسکول بند کر ديے گئے ہيں۔ ساتھ ہی 'براڈوے‘ جيسے انسٹيٹيوٹ بھی بند ہيں۔ ايسے ميں براڈوے کی ايک فن کارہ لورا بينانٹی نے #SunshineSongs کے عنوان سے ايک ٹرينڈ شروع کيا، جو بڑی تيزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

 

بينانٹی نے اپنی ايک ٹويٹ ميں لکھا، ''اگر آپ کو اپنے ہائی اسکول ميں پرفارم کرنا تھا اور پرفارمنس کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ ہو گئی ہے، تو اپنے گانے کی ويڈيو يہاں پوسٹ کريں۔‘‘ بينانٹی نے لوگوں پر زور ديا کہ وہ ہيلتھ ايمرجنسی کی صورت حال کے باوجود ايسی چھوٹی چھوٹی سرگرميوں سے اپنے حوصلے بلند رکھيں۔

اس کے رد عمل ميں سينکڑوں طلباء نے اپنی ويڈيوز شيئر کرنا شروع کر ديں۔ کہيں اساتذہ نے اس پيغام کے ساتھ کہ ان کے طلباء نے کئی ماہ تک کسی پرفارمنس کی تياری کی مگر وہ آخری وقت پر منسوخ ہو گئی، تو کہيں والدين نے اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے۔

ٹوئٹر پر اينڈريا فلپس نامی صارف نے اپنی بيٹی کی ايک ويڈيو پوسٹ کی۔ ان کے مطابق ان کی بيٹی اس ميوزيکل پرفارمنس کے ليے چھ سال سے تياری کر رہی تھيں۔

مچل برزيک نے اپنے اسکول کے گروپ کی آخری ریہرسل کی ويڈيو پوسٹ کی۔

ميڈيسن نامی ٹویٹر کی صارف نے اپنی ٹويٹ ميں لکھا کہ مشکل وقت تو ہے مگر وہ ايک مرتبہ يہ ويڈيو سب سے ساتھ شيئر کرنا چاہيں گی۔

کچھ اسی طرز کا ايک ٹرينڈ پچھلے دنوں اٹلی ميں بھی ديکھا گيا، جہاں لوگوں نے اپنے مکانات کی کھڑکيوں سے گانے گا کر ايک دوسرے کا دل بہلايا۔ جمعے کی رات دارالحکومت روم کے کئی حصوں ميں ايسے گانوں کی آوازيں گونجتی رہيں۔

امريکا ميں کورونا وائرس کی نئی قسم کے تين ہزار سے زائد کيسز سامنے آ چکے ہيں جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد پچاس سے زائد ہے۔

ع س / ع ب، نيوز ايجنسياں