1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ میں بہت بڑے پینگوئن کے فوسلز کی دریافت

28 فروری 2012

نیوزی لینڈ میں قدیم حیات کے ماہرین نے بتایا ہے کہ انہیں زمین پر حیوانی تاریخ کے ایسے سب سے بڑے پینگوئن کی فوسل شدہ باقیات ملی ہیں جس کا قد 1.3 میٹر تھا۔

https://p.dw.com/p/14BYx
تصویر: AP

ویلنگٹن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق نیوزی لینڈ کے ماہرین نے 28 فروری کو بتایا کہ اب ناپید ہو چکا یہ پینگوئن ایک ایسا ’شاندار لیکن بہت بڑا‘ جانور تھا، جس کا قد 1.3 میٹر یا 52 انچ کے برابر تھا۔

یہ جانور آج سے 27 ملین اور 24 ملین سال پہلے کے درمیانی عرصے میں بڑی تعداد میں پایا جاتا تھا اور آزادانہ گھومتا پھرتا تھا۔ ماضی میں یہ آبی جانور آج کے نیوزی لینڈ اور اس کے ارد گرد کے سمندری علاقے میں اس وقت پایا جاتا تھا، جب جزائر نیوزی لینڈ ابھی زیادہ تر سمندری پانی کے نیچے ڈوبے ہوئے تھے۔

Bildgalerie Internationales Polarjahr 2007/2008 Bild 1
تصویر: Astrid Richter/Alfred-Wegener-Institute

اس دور میں ان جزیروں کے زیادہ تر چٹانوں کی طرح نظر آنے والے صرف بہت اونچے حصے ہی پانی سے باہر ہوتے تھے۔ چاروں طرف سے پانی میں گھرے ہوئے خشکی کے یہ حصے اس دور میں نہ صرف اس نسل کے پینگوئنز کو بڑے بڑے سمندری جانوروں کے حملوں سے بچنے میں مدد دیتے تھے بلکہ اسی خشکی پر یہ جانور اپنے لیے خوراک بھی تلاش کر لیتے تھے۔

اس پینگوئن کو کائی رُوکُو کا نام دیا گیا ہے، جس کا مطلب نیوزی لینڈ کے ماؤری نسل کے قدیم باشندوں کی زبان میں ایک ایسا غوطہ خور ہے جو خوراک تلاش کر کے ہی پانی سے باہر نکلتا ہے۔

Pinguin Magellan in freier Wildbahn
تصویر: AP

اس پینگوئن کی فوسل شدہ باقیات کا پہلی مرتبہ پتہ قدیم حیوانی حیات کے ایک ماہر پروفیسر فورڈائس نے 1977ء میں چلایا تھا۔ یونیورسٹی آف اوٹیگو کے اس پروفیسر کو یہ باقیات نیوزی لینڈ کے ساؤتھ آئی لینڈ کے Waimate نامی حصے سے ایک قدیم چٹان سے ملی تھیں۔

بعد کے سالوں میں پروفیسر فورڈائس نے دیگر ماہرین کے ساتھ مل کر ان پینگوئنز کے بارے میں ریسرچ کی۔ ان ماہرین میں امریکا کی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا کے ایک معروف ماہر ڈان سیپکا بھی شامل تھے۔ پروفیسر فورڈائس نے ڈان سیپکا کے ساتھ مل کر 2009ء میں پہلی مرتبہ ایک ایسا ڈھانچہ تیار کیا تھا کہ کروڑوں سال پہلے ناپید ہو جانے والا کائی رُوکُو نامی یہ پینگوئن دیکھنے میں کیسے لگتا ہو گا۔

Bildgalerie Internationales Polarjahr 2007/2008 Bild 4
تصویر: Alfred-Wegener-Institut

اسی ریسرچ کے دوران ماہرین کو پتہ چلا تھا کہ یہ پینگوئن آج کے اس سب سے بڑے پینگوئن سے بھی بہت بڑا ہوتا تھا جس کا قد عام طور پر ایک میٹر تک ہوتا ہے۔ ماہرین بہت قد آور پینگوئنز کی اس نسل کو Emperor یا بادشاہ کا نام دیتے ہیں۔

پروفیسر فورڈائس اور ڈان سیکپا کے مطابق ماضی میں کائی رُوکُو کا بہت بڑا قد اسے اس کام میں بڑی مدد دیتا تھا کہ وہ زیادہ فاصلے تک تیر سکے اور غوطہ لگا کر پانی میں بہت نیچے تک جا سکے۔

ماہرین کے مطابق کروڑوں سال قبل پینگوئن کی یہ نسل شاید شدید نوعیت کی ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ناپید ہو گئی تھی یا پھر ڈولفن مچھلیوں اور seals کہلانے والے بڑے بڑے آبی جانوروں نے ان کا اتنا زیادہ شکار کرنا شروع کر دیا تھا کہ ان کی نسل ہی ختم ہو گئی۔

کائی رُوکُو کے بارے میں اس نئی تحقیق کی تفصیلات سائنسی جریدے Journal of Vertebrate Paleontology میں شائع ہو گئی ہیں۔

اس سے قبل سن 2010 میں ماہرین نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پینگوئنز کی ایک ایسی نسل کے جانور کی فوسل شدہ باقیات تلاش کر لی تھیں جس کا قد 1.5 میٹر تک ہوتا تھا اور جو زمین پر قریب 36 ملین سال پہلے تک زندہ تھا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک