1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نگرانی کے معاملے پر برازیل اور دیگر اتحادیوں کو جوابدہ ہیں، جان کیری

عاطف توقیر14 اگست 2013

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ برازیل اور دیگر اتحادیوں کو امریکا کے جاسوسی اور نگرانی کے پروگرام سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل برازیل کے وزیرخارجہ نے ’بداعتمادی کے سائے‘ سے خبردار کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/19OwN
تصویر: picture-alliance/dpa

برازیل کے دورے پر برازیلیا پہنچنے والے جان کیری نے اپیل کی کہ برازیل نگرانی اور جاسوسی کے امریکی پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات افشاء ہونے کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتی ہوئی تجارت اور سفارتی و ثقافتی روابط کو متاثر نہ ہونے دے۔ امریکی وزیرخارجہ کے طور پر پہلی مرتبہ برازیل پہنچنے والے جان کیری نے دارالحکومت برازیلیا میں کہا،’برازیل کو ایک جواب درکار ہے، جو اسے دیا جائے گا۔‘

کیری نے مزید کہا، ’برازیل اور دیگر ممالک کو سمجھایا جائے گا کہ ہم کیا کر رہے ہیں، کیوں اور کیسے کر رہے ہیں اور ہم مل کر کام کریں گے، تاکہ ہمارے دوست اور پارٹنرز یہ سمجھ پائیں کہ جو کچھ اب تک ہوا ہے، اس میں دوستوں کی عزت اور احترام کا خیال رکھا گیا ہے۔‘

Edward Snowden verlässt Flughafen Moskau
ایڈورڈ سنوڈن نے پرزم پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات افشاء کیںتصویر: picture-alliance/dpa

جان کیری سے ملاقات کے بعد اپنی ایک پریس کانفرنس میں برازیل کے وزیرخارجہ انتونیو پاتریوتا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ برازیل کو حال ہی میں افشاء ہونے والی معلومات کے تناظر میں وضاحت سے بڑھ کر جواب درکار ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والی خفیہ امریکی دستاویزات سے پتا چلا تھا کہ امریکا متعدد دیگر ممالک کی طرح برازیل کے شہریوں کی بھی ای میلز اور ٹیلی فون کالز کی نگرانی کرتا ہے۔پاتریوتا کے مطابق، ’ہمیں ایسی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے، جن کے ذریعے ملکوں کی خودمختاری، باہمی اعتماد اور شخصی آزادی پر حرف آتا ہو۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’یہ خبریں سامنے آنے کے بعد کہ ہماری الیکٹرانک اور ٹیلی فونک گفتگو کی نگرانی کی جا رہی ہے، ہم آج امریکا کے ساتھ تعلقات میں ایک نئے طرز کے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر اس چیلنج کو حل نہ کیا گیا، تو اس بداعتمادی کے سائے ہمارے روابط پر بھی پڑیں گے۔‘

واضح رہے کہ سابق سی آئی اے اہلکار اور امریکا کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے کنٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن نے متعدد امریکی خفیہ دستاویزات افشا کی تھیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح ’پرزم‘ نامی ایک خفیہ پروگرام کے تحت امریکا متعدد ممالک کے عہدیداروں اور شہریوں کی ای میلز اور ٹیلی فون کالز کی نگرانی کرتا ہے۔ امریکا سے فرار کے بعد ہانگ کانگ اور پھر ماسکو پہنچنے والے سنوڈن کو حال ہی میں روسی حکومت نے ایک برس کے لیے سیاسی پناہ دی ہے۔