1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوکیا موبائل فون اور مائیکرو سافٹ

عابد حسین3 ستمبر 2013

مالی اور کاروباری مشکلات سے دوچار فن لینڈ کی کمپنی نے اپنا موبائل فون یونٹ امریکی کمپیوٹر ساز ادارے مائیکروسافٹ کو فروخت کر دیا ہے۔ نوکیا موبائل فون نے ایک دہائی سے زائد عالمی مارکیٹ پر راج کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/19aVG
تصویر: Getty Images

نوکیا موبائل فون بنانے والے ادارے نے اپنا موبائل فون یونٹ 5.44 بلین یورو یعنی سات ارب ڈالر سے زائد میں بیچا ہے۔ اس فروخت کے ساتھ ہی موبائل ٹیلی فونز کی عالمی منڈی پر برتری قائم رکھنے والے موبائل فون کا عہد فن لینڈ کی کمپنی کے ہاتھوں سے نکل گیا۔ اس طرح عالمی مالی منڈی میں پھیلی نوکیا موبائل فون کی فروخت کی افواہ اب حقیقت بن گئی۔ نوکیا موبائل فون 14 برس تک عالمی مارکیٹ پر چھایا رہا اور سن 2012 میں اس کی یہ برتری اُس وقت ختم ہو گئی جب جنوبی کوریائی کمپنی سام سنگ کے موبائل فون گلیکسی کی فروخت آگے بڑھ گئی تھی۔

نوکیا کو پچھلے دو چار سالوں کے دوران ایک طرف امریکی سمارٹ فون ایپل اور دوسری طرف سام سنگ کی مسابقت کا سامنا تھا۔ ان کمپنیوں کے موبائل فونز کی مقبولیت کے بعد نوکیا کمپنی کو شدید مالی اور کاروباری مشکلات کا سامنا تھا۔ سن 2010 میں کمپنی نے مائیکروسوفٹ کے اہم اہلکار اسٹیفن ایلوپ کی خدمات بطور چیف ایگزیکٹو حاصل کیں تا کہ کمپنی کو مالی بھنور سے نکالا جا سکے لیکن یہ بھی فائدہ مند نہیں رہا تھا۔ اب نئی ڈیل کے بعد ایلوپ کو نوکیا موبائل کمپنی یونٹ سے فوری طور پر فارغ کر دیا گیا ہے۔

Nokia kämpft sich bei Smartphones aus dem Keller
نوکیا ادارے کا سمارٹ فون لُومیاتصویر: picture-alliance/dpa

فروخت کی ڈیل کے بعد نوکیا کمپنی کے تقریباً 32 ہزار ملازمین کو مائیکرو سوفٹ کے ادارے میں کھپایا یا ٹرانسفر کر دیا جائے گا۔ جو ڈیل مکمل ہوئی ہے، اس میں مائیکرو سوفٹ نوکیا کی ٹیکنالوجی اور مشینری کے ساتھ ساتھ کاروبار کے حصول پر3.79 بلین ارب کا سرمایہ صرف ہو گا۔ بقیہ رقم نوکیا مارک اور پیٹنٹ کی منتقلی اور حصول پر خرچ کی جائے گی۔ گزشتہ ماہ موجودہ ڈیل کے تناظر میں نوکیا انتظامیہ نے جرمن کمپنی سیمنز کے ساتھ 50 فیصد حصص کو خرید کر اس معاملہ کو بھی طے کر لیا تھا۔ نوکیا انتظامیہ کے مطابق مائکرو سوفٹ کے ساتھ ہونے والی ڈیل سے کمپنی کو تین ارب سے زائد کا منافع ہو گا اور یہ موجودہ حالات میں استحکام کا باعث ہو گا۔ نوکیا ادارے کو ابھی بھی یقین ہے کہ اُس کا سمارٹ فون لُومیا مستقبل میں ایپل اور سام سنگ گلیکسی کو بھرپور مقابلہ دے سکتا ہے۔

دوسری جانب ٹیلی کام سیکٹر کی ایک اور بڑی خبر یہ ہے کہ برطانوی ٹیلی فون کمپنی ووڈا فون (Vodafone) نے امریکا میں اپنے وائرلیس بزنس کو فروخت کر دیا ہے۔ ووڈا فون کے کاروبار کو ایک امریکی کمپنی ویریزون (Verizon) کمیونیکیشنز نے 130 ارب ڈالر کے عوض خریدا ہے۔ اس کارباری ڈیل کو ٹیلی کام ورلڈ کا تیسرا بڑا کاروباری سودا قرار دیا گیا ہے۔ ووڈافون کے کاروبار کو حاصل کرنے کے بعدامریکا میں ویریزون موبائل فون سیکٹر کی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔ دونوں کمپنیوں نے اس ڈیل کو نیویارک کے دریا ہڈسن اور لندن کے دریا ٹیمز کا ملن بھی قرار دیا ہے۔