1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیب کی ٹیم نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر لیا ہے

13 جولائی 2018

سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو پاکستان کے قومی احستاب بیورو کی ٹیم نے لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا ہے۔ ان کا جہاز کچھ دیر قبل ہی لاہور پہنچا۔

https://p.dw.com/p/31QO0
London Pakistan Nawaz Sharif Tochter Maryam Nawaz
تصویر: Reuters/H. McKay

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما محمد نواز شریف لندن سے اتحاد ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے براستہ ابوظہبی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ساتھ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی ہیں۔ 

پاکستان کے قومی احستاب بیورو NAB کی حکام نے سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے پاسپورٹ بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ ایک خصوصی ہیلی کاپٹر بھی موجود ہے جس کے ذریعے ممکنہ طور پر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

نیب کی ایک عدالت نے نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ 11 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اسی ریفرنس میں مریم نواز کو مجموعی طور پر آٹھ برس قید کی سزا سنائی گئی۔ مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو بھی ایک سال جیل کی سزا سنائی گئی۔ محمد صفدر اس وقت جیل میں ہیں۔

گزشتہ ہفتے جس وقت نیب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا اُس وقت نواز شریف اپنی علیل اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن میں موجود تھے۔ تاہم انہوں نے پاکستان واپس لوٹنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری طرف لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد لاہور ایئرپورٹ کے باہر موجود ہے جو اپنے رہنما کو خوش آمدید کہنے کے لیے وہاں موجود ہیں۔ کسی ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔