نرس بن کر بچہ چرانے والی خاتون گرفتار
22 جنوری 2025خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے اطالوی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک خاتون نے خود کو نرس ظاہر کرتے ہوئے ایک نوزائیدہ بچے کو اغوا کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس واردات میں اس خاتون کا شوہر بھی ملوث تھا۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی اور اسی روز شام کے وقت اغوا کاروں کو تلاش کر کے حراست میں لے لیا اور بچے کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق بچہ مبینہ طور پر اپنی ماں اور دادی کے ساتھ ہسپتال کے کمرے میں تھا، جب ایک خاتون نرس کا بھیس بدل کر نوزائیدہ کو طبی معائنے کے لیے لے گئی۔
جب کچھ دیر تک وہ واپس نہ آئی تو بچے کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ کو مطلع کر دیا۔ پھر پولیس بلوائی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغوا کاروں کی شناخت کر لی گئی۔
پولیس نے کوزنسا شہر سے نکلنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا جبکہ کئی گھنٹوں کے سرچ آپریشن کے بعد اس خاتون اور اس کے شوہر کو بچے سمیت ڈھونڈ نکالا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا بچے کو شہر سے باہر لے جانے کی کوشش میں تھا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کئی ماہ سے حاملہ ہونے کا ڈرامہ کر رہی تھی اور اس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جھوٹا اعلان کیا تھا کہ اس نے بچے کو جنم دیا ہے۔
پولیس نے اس جوڑے کے اپارٹمنٹ پر بھی چھاپہ مارا، جہاں نوزائیدہ بچے کے لیے استقبالیہ پارٹی کے لیے سجاوٹ بھی کی گئی تھی۔
ع ب/ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)