ناگپور میں نمبر ایک ٹیم بھارت کوعبرتناک شکست
9 فروری 2010ساوٴتھ افریقہ نے بھارتی شہر ناگپور میں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز کے پہلے میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے 558 رنز بنائے، جن میں ہاشم آملا کی ڈبل سنچری اور آل راوٴنڈر ژاک کیلس کی سنچری شامل تھی۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 233 اور پھر فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 319 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح یہ میچ جنوبی افریقہ کی جھولی میں چلا گیا۔
پہلی اننگز میں بھارت کی طرف سے اوپنر وریندر سہواگ نے جبکہ دوسری اننگز میں ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے سنچری بنائی، مگر ان دو بیٹسمینوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ جنوبی افریقی گیندباز ڈیل سٹین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میچ میں کل دس وکٹیں حاصل کیں۔
ناگپور ٹیسٹ میں بھارتی بیٹسمین ’دی وال‘ راہل ڈراوڈ، وی وی ایس لکشمن اور یووراج سنگھ زخمی ہونے کے باعث نہیں کھیل سکے۔ راہل ڈراوڈ کی جگہ مرلی وجے اور لکشمن کی جگہ بدری ناتہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
جنوبی افریقہ نے ناگپور ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کی ہے۔ کپتان گریم سمتھ نے اس کامیابی کو ’زبردست ٹیم ورک‘ قرار دیا۔ سمتھ نے خاص طور سے فاسٹ بولر ڈیل سٹین اور بیسٹمین ہاشم آملا اور آل راوٴنڈر ژاک کیلس کی کارکردگی کا تذکرہ کیا۔ دوسری جانب بھارتی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے ان کی ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے، بیٹنگ، فیلڈنگ اور بولنگ میں پسپا کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان موجودہ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ چودہ فروری سے کولکتہ میں شروع ہو رہا ہے۔ اس سیریز میں کامیابی کی صورت میں جنوبی افریقی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں بھارت کو پیچھے دھکیلتے ہوئے پہلے نمبر پر آجائی گی اور ڈرا کی صورت میں بھارت اپنی پوزیشن پر قائم ر ہے گا۔
اس وقت بھارتی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے اعتبار سے سب سے مضبوط یعنی نمبر ایک ٹیم ہے، لیکن جنوبی افریقہ نے جس انداز میں اسے ناگپور ٹیسٹ میں ہرایا اس نے کئی کٹھن سوالات کو جنم دیا ہے۔ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے ناگپور ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کر کے کل دس وکٹیں حاصل کیں۔ سٹین کی سوینگ اور رفتار کے سامنے تمام ہی بھارتی بیٹسمین بے بس نظر آئے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: مقبول ملک