1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرے دل کا ٹکڑا پاکستان میں رہ گیا ہے:جرمن سفیر مارٹن کوبلر

9 اپریل 2019

پاکستان میں بحیثیت سفیر اپنی سرکاری ذمہ داریوں کے اختتام پر جرمن سفیر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنا دو سالہ دور انتہائی شاندار طریقے سے گزارا ہے۔

https://p.dw.com/p/3GVp5
Pakistan illegale Migration Martin Köbler
تصویر: DW/A. Saleem

 پاکستان میں مقیم جرمن سفیر نے شیروانی پہن کر الوداعی ویڈیو پیغام جاری کیا۔ جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے بہترین مہمان نوازی اور احترام پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کے دل کا ایک ٹکڑا ہمیشہ پاکستان سے جڑا رہے گا۔

انہوں نے یہ بات اپنے الوداعی ویڈیو پیغام میں کہی ہے، جو گزشتہ روز جاری کیا گیا۔

Pakistan Deutscher Botschafter Martin Kobler
تصویر: German Embassy Islamabad

جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے اپنے ویڈیو پیغام میں لوگوں کا آگاہ کیا کہ یہ ان کا پاکستانیوں کے لیے آخری ویڈیو پیغام ہے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ آئندہ مستقبل میں سیاح بن کر ضرور پاکستان آئیں گے۔ اپنا پیغام ریکارڈ کراتے ہوئے وہ اداس دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قیام کے دوران انہیں پاکستانیوں کو جاننے اور سمجھنے کا موقع ملا۔

Pakistan Deutscher Botschafter Martin Kobler
تصویر: German Embassy Islamabad

جرمن سفیر مارٹن کوبلر ایک عوامی  انسان ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایسی تصاویر اپلوڈ کیں کہ عوام کا دل جیت لیا۔ کبھی وہ سائیکل چلاتے دکھائی دیے۔کبھی حجام کی دکان پر بال کٹواتے دکھائی دیئے۔کبھی حلوہ پوری کے ڈھابے پر کھڑے ہو کر پوری سے لطف اندوز ہوئے تو کبھی حلوے کی کڑھائی میں کفگیر  چلاتے دکھائی دیئے۔کبھی کیلاشی بچوں سے محو گفتگو ہوئے تو کبھی ٹرک پینٹ آرٹ کو سراہا۔

Pakistan | Deutscher Botschafter Martin Kobler mit Fahrrad
تصویر: facebook.com/GermanEmbassyIslamabad

جرمن سفیر کی سبزی خریدتے وقت کی تصویر تو خوب وائرل ہوئی اور کرکٹ کے شوقین کوبلر نے چکھے بھی لگائے۔ اظہارعقیدت کے لیے بری امام  کے مزار پر بھی تشریف لے گئے، چادر چڑھائی پھول بھی نچھاور کیے۔ یہ تمام عوامی رویے ایسے تھے کہ پاکستانی عوام کے انہوں نے دل جیت لیے۔  

Pakistan Deutscher Botschafter Martin Kobler in Lahore
تصویر: DW/T. Shahzad

پاکستان میں قیام کے دوران انہوں نے’خصوصی افراد‘ کے ساتھ ایک خصوصی تعلق پیدا کیا تھا جسے وہ اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے اختتام تک نبھاتے رہے اور کبھی نہیں بھولے۔ ان ’خصوصی افراد‘ کو وہ اپنا دوست کہتے ہیں اور پاکستان کو خیر باد کہنے سے قبل انہوں نے ان سے الوداعی ملاقات بھی کی۔

انہوں نے نہایت پراعتماد لہجے میں کہا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے،’’ تمام تر معاشی، معاشرتی اور سیاسی مشکلات کے باوجود پاکستان ترقی کی راہ پر ضرور چلے گا۔‘‘

پاکستان میں قیام کے دوران جرمن سفیر نے جہاں عالمی برادری اور غیر ملکی سفارتکاروں کو یہ بتایا کہ پاکستان سیاحت کے لحاظ سے نہایت خوبصورت ملک ہے اور لوگ نہایت پرامن ہیں تو وہیں انتہائی نرم انداز میں انہوں نے پاکستانیوں کو بھی یہ باور کرایا کہ وہ اپنی تہذیب و تمدن سے جڑے رہیں۔

Pakistan | Deutscher Botschafter Martin Kobler mit Fahrrad
تصویر: facebook.com/GermanEmbassyIslamabad

دلچسپ بات یہ ہے کہ جرمن سفیر کے دل موہ لینے والے انداز کے باعث سرکاری حکام بھی ان کی بات پر توجہ دیتے تھے تو عام افراد بھی ان کی نصیحت پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے تھے۔

یقیناً اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ انہیں اپنا ہمدرد، دوست اورمہربان سمجھتے تھے کیونکہ وہ جو بات کرتے تھے یا کہتے تھے اس میں انہیں خلوص نمایاں طور پر دکھائی دیتا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں