1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل چین کے دورے پر

افسر اعوان6 جولائی 2014

جرمن چانسلر انگیلا میرکل تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئی ہیں۔ اس دورے پر ان کے ساتھ جرمن کاروباری افراد کا ایک اعلٰی وفد بھی ہے۔

https://p.dw.com/p/1CWWY
تصویر: Michael Kappeler/AFP/Getty Images

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ان کے دورے کی پہلی منزل چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کا دارالحکومت چینگ ڈو ہے۔ میرکل آج اتوار چھ جولائی کو جرمن کار ساز ادارے ’فوکس واگن‘ کے پلانٹ کا دورہ کریں گی اور وہاں کام کرنے والے جرمن کارکنوں کے بچوں سے ملاقات کریں گی۔

چینگ ڈو کے بعد وہ چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچیں گی جہاں پیر سات جولائی کو ان کی چینی صدر شی جِن پِنگ اور وزیراعظم لی کیچیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی۔

جرمنی اور چین کے درمیان گزشتہ تین برسوں سے سالانہ تجارتی حجم 140 بلین یورو ہے
جرمنی اور چین کے درمیان گزشتہ تین برسوں سے سالانہ تجارتی حجم 140 بلین یورو ہےتصویر: Ed Jones/AFP/Getty Images

جرمن چانسلر انگیلا میرکل ایشیا کی معاشی طاقت چین کا دورہ کافی تواتر کے ساتھ کرتی رہتی ہیں۔ جرمن چانسلر بننے کے بعد یہ ان کا چین کا ساتواں دورہ ہے۔ ڈی پی اے کے مطابق میرکل یورپی رہنماؤں میں سے سب سے زیادہ چین کے دورے کر چکی ہیں۔

چین جرمن برآمدات کی ایک بڑی منڈی ہے جن میں کاریں بھی شامل ہیں جبکہ چین جرمنی کو عام استعمال کی چیزیں برآمد کرنے والے ایک اہم ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔

جرمنی چین اور امریکا کے درمیان مصالحت کار کے طور پر بھی اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے کیونکہ چین کے ہمسایہ ممالک اس کی بڑھتی ہوئی طاقت پر تحفظات رکھتے ہیں۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق چانسلر انگیلا میرکل کے دورے کے دوران مختلف کاروباری معاہدے بھی متوقع ہیں جن میں جرمنی کی لفتھانزا ایئر لائنز اور ایئر چائنہ کے درمیان معاہدہ بھی شامل ہے۔

جرمنی اور چین کے درمیان گزشتہ تین برسوں سے سالانہ تجارتی حجم 140 بلین یورو ہے۔ تاہم جرمن ٹریڈ آرگنائزیشن (GTAI) کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں چین کے لیے جرمن برآمدات میں 9.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دوسری طرف جلاوطن ایغور نسل کے چینی باشندوں نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے دورہ چین کے دوران چینی صوبہ سنکیانگ کی مسلم اقلیت کے مستقبل کے معاملے پر بات کریں۔

میرکل آج اتوار چھ جولائی کو جرمن کار ساز ادارے ’فوکس واگن‘ کے پلانٹ کا دورہ کریں گی
میرکل آج اتوار چھ جولائی کو جرمن کار ساز ادارے ’فوکس واگن‘ کے پلانٹ کا دورہ کریں گیتصویر: Getty Images

ورلڈ ایغور کانگریس کی صدر ربیعہ قدیر نے ہفتہ پانچ جولائی کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے نام ایک کُھلے خط میں کہا، ’’گزشتہ دو برسوں کے دوران چین کی جانب سے ملک کے مشرقی حصےمیں تشدد کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے اور سخت طرز عمل سامنے آیا ہے۔‘‘

انسانی حقوق کی ایک تنظیم ’سوسائٹی آف تھریٹنڈ پیپلز‘ کے مطابق اقلیتی ایغور نسل کے مسلمانوں اور مقامی ہان نسل کے چینی باشندوں کے درمیان جھڑپوں میں 354 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 745 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘‘

چینی حکام حالیہ مہینوں کے دوران ملک میں ہونے والے سلسلہ وار دہشت گردانہ حملوں کا ذمہ دار ایغور نسل کے مسلمانوں کو قرار دیتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چینی حکومت کی طرف سے سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں اور کئی افراد کو مبینہ طور پر سزائے موت بھی دی گئی ہے۔