1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مُرسی کے اہم فیصلے:یورپی یونین اور امریکی ردعمل

14 اگست 2012

مصری اخوان المسلمون کے سابق اعلیٰ رکن اور موجودہ صدر محمد مُرسی نے اپنے انقلابی فیصلے سے فوج کے دو انتہائی طاقتور جرنیلوں کو جبری ریٹائر کر دیا ہے۔ اب فوج کے علاوہ امریکا اور یورپی یونین کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/15p7C
تصویر: picture-alliance/dpa

اس اہم فیصلے کے بعد محمد مُرسی نے گہری ہوتی رات میں خطاب کرتے ہوئے فوج کو کارنر کرنے کے احساس کی واضح طور پر نفی کی۔ مصری فوج کی جانب سے پیر کے روز کہا گیا کہ افواج کے دو سینئر ترین جرنیلوں کی ریٹائرمنٹ ایک قدرتی عمل ہے۔ افواج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ مصر کے اندر استحکام اور سلامتی کے لیے فوج اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے اور اس نے کبھی بھی ملک اور عوام کے لیے مسائل اور عدم استحکام کی فضا نہیں پیدا کی۔ افواج کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب مصری فوج کی کمانڈ اگلی نسل کو منتقل ہو گئی ہے۔ فوج کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ صدارتی فیصلے پر عمل کر کے فوج نے اس تاثر کو غلط قرار دے دیا کہ مصری فوج اقتدار کی چاہت یا طلب رکھتی ہے۔

Ägypten Präsident Mursi Militär
مصری صدر اور فیلڈ مارشل طنطاوی سلامی لیتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

یورپی یونین کا اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ تمام اختیارات کی جمہوری انداز میں منتخب ہونے والی حکومت کو منتقلی قابل تعریف ہے۔ یورپی یونین کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ مصر کے نئے دستور کی بھی اب جلد تکمیل کی متمنی ہے اور یقینی طور پر یہ دستور مصری عوام کے حقوق اور آزادیوں کا ضامن ہو گا۔ دوسری جانب مصر کا لبرل حلقہ اس سے پریشان ہے کہ مُرسی حکومت اب نئے دستور پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرے گی۔

امریکا نے مصر کی فوج اور حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک میں استحکام اور معیشت کی بحالی کے لیے مل جل کر معاملات کو آگے بڑھائیں۔ رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کی رہائش گاہ کے پریس سیکرٹری جے کارنی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر مُرسی کے فیصلے سے مصری عوام مستفید ہوں گے۔ جے کارنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کو یقین ہے کہ صدر مُرسی فوج کے تعاون کے ساتھ ایک دفاعی ٹیم کو تشکیل دیں گے اور مستقبل میں فوج اور سول حکومت ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

Ägypten Präsident Mohammed Morsi bei der Parade mit Hussein Tantawi und Sami Anan
ایک فوجی تقریب میں مصری صدر کے پیچھے فیلڈ مارشل طنطاوی اور جنرل سمیع عنان بیٹھے ہوئے ہیںتصویر: dapd

اتوار کے روز مصری صدر کی جانب سے ایک حیرت انگیز فیصلے نے مصری عوام اور میڈیا کو حیران کر دیا اور اس فیصلے کے تحت مصر کے دو دہائیوں سے چلے آ رہے وزیر دفاع اور افواج کے سینئر ترین کمانڈر فیلڈ مارشل محمد حسین طنطاوی اور بری فوج کے کمانڈر انچیف جنرل سمیع عنان کو ملازمت سے ریٹار کر دیا گیا تھا۔ حکومتی نگرانی میں شائع ہونے والے روزنامے الاخبار نے صدر مُرسی کے اعلان کو انقلابی فیصلہ قرار دیا۔ آزاد اخبار الوطن نے اس ریٹائرمنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب حقیقت میں اخوان المسلمون منصب صدارت پر براجمان ہوئی ہے۔ ایک اور آزاد اخبار الشروق نے مُرسی کے اس فیصلے کو مبارک دور کے اقدامات سے بڑا قرار دیا۔

صدارتی فیصلے کے اعلان کے بعد مذہبی تحریک اخوان المسلمون کے ہزاروں کارکنوں نے تحریر چوک میں جمع ہو کر مسرت اور خوشی سے نعرہ بازی کی۔ لوگوں نے اس اجتماع میں کہا کہ وہ صدر کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ صدارتی فیصلے کے بعد پیر کے روز مصری بازار حصص میں تیزی دیکھی گئی اور سرمایہ کاروں کے مطابق اس فیصلے سے مصر میں استحکام پیدا ہو گا۔ مصر کے نوبل انعام یافتہ محمد البراداعی نے بھی مُرسی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مصری فوج کے سیاسی کردار کو ختم کرنا یقینی طور پر موجودہ صدر کا درست سمت کی جانب ایک انتہائی مناسب قدم ہے۔

ah/ab (AFP, dpa)