مونچھ نہیں توکچھ نہیں
17 مئی 2011داڑھی میں قطبی ہرن، مونچھوں میں ناروے کا پرچم ۔ جی ہاں اگر یہ تمام نقش و نگار آپ کی داڑھی اور مونچھوں میں ہوں تو آپ کو عالمی چیمپئن بننے سے کون روک سکتا ہے۔
دنیا کی خوبصورت ترین داڑھی اور مونچھوں کا خطاب حاصل کرنے والے ایلمر وائسر کا تعلق جرمنی کے علاقے بلیک فارسٹ سے ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک نائی ہیں۔ ان کی داڑھی کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے اور ایک خاص انداز میں اوپر کی طرف مڑ رہی ہے، جس سے ایک قطبی ہرن بن رہا ہے۔ اسی طرح بڑی بڑی مونچھیں بھی اپنے کونوں سے اوپر کی جانب مڑتے ہوئے ناروے کا پرچم بنا رہی ہیں۔
ناروے میں ایلمر وائسر کے ساتھ ان کی بہن بھی موجود تھیں۔ وہ داڑھی مونچھوں کی ایک ڈیزائنر کے طور ساتھ گئی تھیں۔ فائنل سے قبل انہیں وائسر کی داڑھی پر بارہ سنگھے کی طرح کا ’ قطبی ہرن‘ اور ناروے کا جھنڈا بنانے میں کئی گھنٹے لگے۔ بہن کی محنت رنگ لائی اور بھائی تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا۔ تیسری مرتبہ عالمی چپمپئن بننے پر 47 سالہ وائسر کا کہنا تھا ’’اگر میری داڑھی کو ترتیب یا شکل نہ دی جائے تو اس کے بالوں کی لمبائی پیٹ تک ہے‘‘۔
اس سے قبل 2005ء میں وائسر نے اپنی داڑھی میں برلن کا مشہور زمانہ برینڈن برگ گیٹ بنایا تھا۔ اسی طرح 2007ء کے مقابلوں میں انہیں داڑھی میں لندن کا ٹاور بر ج بنانے کی وجہ سے عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ ناروے کے شہر ٹرونڈم ہائم میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں 15 ممالک سے 160داڑھی مونچھوں والے افراد شریک ہوئے تھے۔
اس مرتبہ صرف امریکہ سے ہی 70 افراد اس مقابلے میں شریک تھے۔ 1990ء سے ہر دوسرے سال داڑھی اور مونچھوں کی عالمی چیمپئن شپ منعقد کرائی جاتی ہے۔ اگلی مرتبہ یہ مقابلہ امریکہ میں منقعد ہوگا۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: افسر اعوان