مناکو کی شہزادی گریس کیلی پر فلم
7 اپریل 2012فرانسیسی ہدایت کار اولیور داہاں مناکو کی ہر دلعزیز ملکہ، شہزادی گریس کیلی کی شخصیت پر بنائی جانے والی فلم کو ڈائریکٹ کریں گے۔ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اکیڈیمی ایوار یافتہ آسٹریلوی اداکارہ نکول کِڈمین کے ساتھ فلمساز اور ہدایت کار مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ایک دلچسپ امر ہے کہ ہالی ووڈ کے ہدایت کاروں کے لیے ہمیشہ شہزادی گریس کیلی ایک لیجنڈری کردار رہا ہے۔ امریکن فلم انسٹیٹیوٹ نے سن 1999 میں ان کو تیرہویں اہم اداکارہ قرار دیا تھا۔
فلم کا نام ’’گریس آف مناکو‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کے مصنف اریش ایمل (Arash Amel) ہیں۔ مصنف نے فلم میں گریس کیلی کے اس دور پر توجہ دی ہے جو دسمبر سن 1961 سے نومبر سن 1962 کے عرصے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس ایک سال میں گریس کیلی نے اپنے شوہر کے ہمراہ مناکو کے اندرونی حالات کو بہتر کرنے پر خصوصی توجہ دی تھی۔ فلم کے ہدایت کار اولیور داہاں (Olivier Dahan) ہیں۔ داہاں کی مشہور فلم La Vie en Rose ہے اور اسی فلم کی ہیروئن ماریاں کوٹیار (Marion Cotillard) کو سن 2007 میں بہترین اداکارہ کی کیٹگری میں اکیڈیمی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
گریس پیٹریشیا کیلی مناکو کے شہزادے سے شادی کرنے سے قبل ایک امریکی اداکارہ تھیں۔ صرف چھبیس برس کی عمر میں انہوں نے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ وہ ہالی ووڈ کی دنیا میں ایک لیجنڈری کردار کے طور پر لی جاتی ہیں۔ ان کا فلمی دور صرف چھ برسوں پر محیط ہے۔ اس دوران سن 1954 میں انہیں دی کنٹری گرل (The Country Girl) نامی فلم میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کرنے پر پر آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کل گیارہ فاموں میں شہزادی گریس کیلی نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ وہ کئی ٹیلی وژن کے ڈراموں میں بھی پرفارم کرتی رہیں تھیں۔ انہوں نے مناکو کے شہزادے رینیئے سوم (Prince Rainier) سے سن 1956 میں شادی کر لی تھی۔ ان کی رحلت سن 1982 میں موٹر گاڑی کے حادثے میں ہوئی تھی۔
چوالیس سالہ نکول کِڈ مین کو سن 2002 میں فلم دی آورز (The Hours) میں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ کِڈ مین کا آسکر ایوارڈ یافتہ کردار، انگریز انشاپرداز اور مصنفہ ورجینیا وولف(Virginia Woolf) کا تھا۔ وہ معروف اداکار ٹام کروز کی سابقہ اہلیہ ہیں۔ ان کی شادی گیارہ برس بعد سن 2001 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ نکول کڈمین کی اگلی فلم ایک تھرلر دا پیپر بوائے (The Paperboy) ہے۔ اس فلم میں ان کا سامنا نوجوان اداکار زیک ایفرن (Zac Efron) سے ہے۔
ah / ss (AFP)