1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ، اُن ملاقات کی امید پھر جاگ گئی

26 مئی 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن کے درمیان طے شدہ وقت اور مقام پر ملاقات کا امکان ایک بار پھر روشن ہو گیا ہے۔ قبل ازیں ٹرمپ نے جمعرات کے روز اس مجوزہ سمٹ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2yMAR
USA Washington - Donald Trump spricht zur Presse
تصویر: Getty Images/AFP/M. Ngan

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات مجوزہ تاریخ پر اب بھی ممکن ہے۔ اس سے قبل جمعرات 24 مئی کو  اپنے ایک مراسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملاقات کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔

تاہم جمعہ 25 مئی کو واشنگٹن میں صحافیوں سے غیررسمی گفت گو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا یہ ملاقات چاہتا ہے اور امریکی خواہش بھی یہی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یہ ملاقات ہوتی ہے، تو وہ 12 جون کو سنگاپور ہی کے مقام پر یہ ملاقات کرنا چاہیں گے۔

پولیٹیکو میگزین کے مطابق وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ سے تعلق رکھنے والے 30 اہلکاروں کی ایک ایڈوانس ٹیم اسی ویک اینڈ پر سنگاپور جا رہی ہے۔ یہ اہلکار شمالی کوریا کے حکام کے ساتھ اس متوقع سربراہی ملاقات کے حوالے سے ایجنڈا اور دیگر تفصیلات طے کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے جمعہ کی شب اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا، ’’ہماری اس سربراہی اجلاس کی بحالی کے بارے میں مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو زیادہ امکان یہی ہے کہ یہ سنگاپور میں ہی ہو گی اور اُسی تاریخ یعنی 12 جون کو۔ اور اگر ضروری ہوا تو ہم اس تاریخ کو آگے بھی بڑھا سکتے ہیں۔‘‘

شمالی کوریا کے رہنما سے کسی امریکی صدر کی اس طرز کی ممکنہ ملاقات غیرمعمولی اور تاریخی قرار دی جا رہی ہے، جس میں ممکنہ طور کوریائی خطے میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے جیسی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

ا ب ا / ع ح (روئٹرز)