1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر کے صدارتی انتخابات میں اسلام پسند کی برتری، بس معمولی

26 مئی 2012

مصر میں جمعے کے روز قدامت پسند نظریات کی حامل اسلامی جماعت اخوان المسلمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کی جانب سے نامزدہ صدارتی امیدوار کو انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ دیں۔

https://p.dw.com/p/152md
تصویر: dapd

مصر میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اخوان المسلمین کی جانب سے سامنے لائے جانے والے صدارتی امیدوار محمد مرسی اب تک سامنے آنے والے غیر حتمی نتائج کے لحاظ سے برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ ان کے بعد سب سے زیادہ ووٹ سابق صدر حسنی مباراک کے دور میں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہنے والے امیدوار احمد شفیق ہیں۔ اب یہ تقریبا واضح ہوتا جا رہا ہے کہ ان دونوں امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے میں مقابلہ ہو گا۔

اسی تناظر میں اخوان المسلمین کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ احمد شفیق کی کامیابی کی صورت میں مصر کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔ سخت ترین اسلامی نظریات کی حامل اخوان المسلمین پارلیمانی انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

Ägypten Wahlen in Kairo
ان انتخابات میں عوام کی ایک بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیاتصویر: picture-alliance/dpa

مصر میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سلسلے میں 23 اور 24 تاریخ کو پولنگ ہوئی۔ حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے 15 ماہ بعد ہونے والے ان انتخابات میں اخوان المسلمین کی جانب سے کھڑے ہونے والے امیدوار محمد مرسی کو اب تک کے نتائج کے مطابق تقریبا 30 فیصد ووٹ پڑے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں احمد شفیق کو تقریبا 21 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ تیسرے نمبر پر بائیں بازو کی جماعت کے امیدوار ہیں۔

مبصرین کا خیال ہے کہ انتخابات کے دوسرے دور کے نتیجے میں مصری عوام اسلامی اور اعتدال پسند نظریات کی بنیاد پر واضح تقسیم کا شکار ہو سکتی ہے۔ احمد شفیق کو ملک کے اعتدال پسند طبقے کی حمایت حاصل ہے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں اعتدال پسندوں کو کوئی واضح کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ملک کے اعتدال پسند افراد احمد شفیق کو بہتر متبادل کے طور پر ووٹ ڈال رہے ہیں۔

مصر کا الیکٹورل کمیشن صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے باقاعدہ نتائج کا اعلان جمعرات کے روز کرے گا۔ تاہم اب تک سامنے آنے والے نتائج سے یہ بات تقریبا واضح ہے کہ اخوان المسلمین کے امیدوار محمد مرسی کو دوسرے مرحلے میں احمد شفیق ہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

at/shs (AFP)