1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتمصر

مصری شہر کی تعمیر، پینتیس بلین ڈالر کی اماراتی سرمایہ کاری

24 فروری 2024

مصر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ بحیرہ روم کے کنارے اپنے ایک ساحلی شہر کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات صرف دو ماہ میں مصر میں پینتیس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

https://p.dw.com/p/4cpjS
بحیرہ احمر کے کنارے شرم الشیخ کا مصری تعطیلاتی مقام، راس الحکمہ بھی ایسا ہی ایک جدید سیاحتی شہر ہو گا
بحیرہ احمر کے کنارے شرم الشیخ کا مصری تعطیلاتی مقام، راس الحکمہ بھی ایسا ہی ایک جدید سیاحتی شہر ہو گاتصویر: Maksim Konstantinov/Russian Look/picture alliance

قاہرہ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مصری وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے مصر میں یہ سرمایہ کاری اس شمالی افریقی عرب ریاست کی تاریخ میں آج تک کی جانے والی سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہو گی۔

عبدالفتاح السیسی تیسری مرتبہ مصر کے صدر منتخب

مصطفیٰ مدبولی نے کہا، ''اس منصوبے کے تحت مصری دارالحکومت قاہرہ سے تقریباﹰ 350 کلومیٹر شمال مغرب کی طرف بحیرہ روم کے کنارے واقع ساحلی علاقے میں راس الحکمہ نامی شہر کی تعمیر کی جائے گی۔‘‘

سیاحوں کے لیے پرکشش جدید ساحلی شہر

اس منصوبے کے تحت راس الحکمہ میں ہوٹل اور رہائشی علاقے تعمیر کیے جائیں گے، تفریحی منصوبوں کی تکمیل کی جائے گی اور ایک کاروباری مرکز کے علاوہ کئی ایسی تنصیبات اور سہولیات بھی مکمل کی جائیں گی، جو مجموعی طور پر 170.8 ملین مربع میٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہوں گی۔

اسکندریہ اور مذہبی انتہا پسندی

مصر میں شرم الشیخ کا ساحلی تعطیلاتی مقام
مصری وزیر اعظم مدبولی کے بقول راس الحکمہ کی وجہ سے مستقبل میں سالانہ مزید آتھ ملین تک سیاح مصر کا رخ کیا کریں گےتصویر: Khaled Desouki/AFP/Getty Images

مصر میں ساڑھے چار ہزار برس پرانا مقبرہ دریافت

وزیر اعظم مدبولی نے اس بارے میں جمعہ تیئیس فروری کی رات ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہی کے نتیجے میں راس الحکمہ کے جنوب میں ایک نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔

مصطفیٰ مدبولی نے امید ظاہر کی کہ بنیادی طور پر سیاحتی نقطہ نظر سے تعمیر کیے جانے والے اس جدید شہر کی وجہ سے اضافی طور پر تقریباﹰ آٹھ ملین تک سیاح مصر کا رخ کریں گے۔ گزشتہ برس مجموعی طور پر 14.9 ملین غیر ملکی سیاحوں نے مصر کا رخ کیا تھا۔

قدیم مصری معبد سے دو ہزار سے زائد بکروں کے ہزاروں سال پرانے حنوط شدہ سر دریافت

مصر میں دو سیاح ابوالہول کے مجسمے کے پس منظر میں اپنی تصویر بناتے ہوئے
گزشتہ برس تقریباﹰ پندرہ ملین غیر ملکی سیاحت کے لیے مصر گئے تھےتصویر: Ahmed Gomaa/Xinhua/picture alliance

امارات کی مجموعی سرمایہ کاری تقریباﹰ ڈیڑھ سو بلین ڈالر

مصری سربراہ حکومت کے مطابق اس منصوبے میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے ابتدائی دو ماہ کے دوران تو تقریباﹰ 35 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، تاہم اس کے بعد اس خلیجی ریاست کی طرف سے راس الحکمہ میں مجموعی متوقع سرمایہ کاری کا حجم 150 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

مصر: ہزاروں برس پرانے سینکڑوں تابوت اور مجسمے دریافت

یہ بہت بڑا تعمیراتی منصوبہ روزگار کی قریب دو ملین نئی آسامیوں کی وجہ بھی بنے گا۔ اس سیاحتی شہر سے مصر کو جو آمدنی ہو گی، وہ اس ملک کو درپیش اقتصادی بحران، افراط زر کی اونچی شرح اور غیر ملکی قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے میں بھی مدد دے گی۔

مصر میں پانچ ہزار سال پرانی بیئر فیکٹری کی باقیات کی دریافت

شمالی افریقی ملک مصر کو درپیش اقتصادی اور مالیاتی بحران کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ملکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق قاہرہ حکومت حالیہ ہفتوں میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اس مقصد کے تحت مذاکرات بھی کر رہی ہے کہ مصر کو تین بلین ڈالر قرض دینے کے 2022ء میں طے شدہ معاہدے میں آئندہ کے لیے بھی توسیع کر دی جائے۔

م م / ش ر (ڈی پی اے)