مسجد الحرام، مسجد نبوی میں عبادات رمضان میں بھی معطل رہیں گی
21 اپریل 2020دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں مسلمان ہر سال خاص طور پر رمضان کے مہینے میں عبادات کے لیے مکہ میں خانہ کعبہ اور مدینہ میں مسجد نبوی کا رخ کرتے ہیں۔ عام مسلمانوں کے لیے یہ دونوں انتہائی مقدس مقامات پہلے ہی سے بند ہیں۔
ان دونوں مذہبی مقامات کے انتظامی امور کی نگران کونسل کی طرف سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے اسلامی مہینے میں بھی ان مساجد میں مسلمانوں کو عبادت کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کووِڈ انیس نامی وبائی بیماری کا سبب بننے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی حرمین شریفین کے امور کی کونسل کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے اپنی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے، ''ان دونوں مساجد میں رمضان کے دوران بھی نماز تو پڑھی جائے گی تاہم ماضی کی طرح وہاں عام مسلمانوں کو عبادت کے لیے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘‘
شیخ ڈاکٹر السدیس کے مطابق حرمین شریفین میں معمول کی عبادات تو پہلے ہی سے معطل ہیں۔ اب لیکن اس تعطل میں توسیع کے ساتھ اسے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی جاری رکھنے کا احتیاطی فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا اور دونوں مساجد میں کسی بھی طرح کے ممکنہ وائرس کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں میں تیزی لائی جا سکے۔
کورونا وائرس اب تک دنیا کے 185 ممالک اور خطوں میں تقریباﹰ ڈھائی ملین انسانوں کو متاثر کر چکا ہے اور اس کی وجہ سے اب تک ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں اب تک نئے کورونا وائرس کی تقریباﹰ ساڑھے دس ہزار افراد میں موجودگی کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ خلیج کی اس قدامت پسند عرب بادشاہت میں بھی اب تک کووِڈ انیس کی عالمی وبا سو سے زائد افراد کی جان لے چکی ہے۔
م م / ا ا (روئٹرز، ٹوئٹر)