1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسجد الاقصیٰ سے ساڑھے تین سو سے زائد فلسطینی گرفتار

5 اپریل 2023

اسرائیلی پولیس نے بدھ کو علی الصبح مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں جھڑپوں کے بعد ساڑھے تین سو سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی پولیس نے ان گرفتاریوں کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Pi7r
Israel Jerusalem | Polizeiaufgebot an der  Al-Aqsa Moschee
تصویر: Mahmoud Illean/AP/picture alliance

اپنے ایک بیان میں اسرائیلی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ساڑھے تین سو سے زائد گرفتار شدگان پرتشدد انداز سے راستہ روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ افراد یروشلم کے قدیمی حصے میں مسجد الاقصیٰ کے اندر موجود تھے۔

متعدد مغربی ملکوں نے اسرائیل کے آبادکاری منصوبے کی مذمت کی

اسرائیل یروشلم میں فلسطینیوں کے مکانات کیوں مسمار کر رہا ہے؟

پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدگان میں کئی 'نقاب پوش‘ بھی شامل ہیں، جو پتھراؤ اور آتش گیر مواد پھینکنے میں بھی شامل تھے۔

بدھ کی صبح اسرائیلی پولیس مسجد الاقصیٰ میں داخل ہو گئی جہاں موجود نمازیوں کے ساتھ اس کی جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی غزہ پٹی اور مغربی کنارے کے علاقے میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کا ردعمل تھی۔

مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان اور یہودی مذہبی تہوار پاس اوور سے قبل اس واقعے کے بعد خدشات ہیں کہ فریقین کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ سن دو ہزار اکیس میں مسجد الاقصیٰ میں ہونے والیایسی ہی جھڑپوں کے بعد اسرائیل اور غزہ کے درمیان دس روزہ جنگ ہوئی تھی۔

دوسری جانب غزہ سے گزشتہ شب اسرائیل کی جانب کم از کم نو راکٹ داغے گئے، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان فضائی حملوں میں حماس کے ایک تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ شب ہونے والی اسرائیلی فضائی کارروائی میں ایک دھماکا اتنا شدید تھا کہ غزہ پٹی کے پورے علاقے میں سنا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے بھی غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحدی باڑ کے قریب حماس کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ادھر مسجد الاقصیٰ میں جھڑپوں کے بعد فلسطینی ہلال احمر کے مطابق بارہ فلسطینیوں کو ربر کی گولیاں لگنے سے زخمی ہونے پر طبی امداد دی گئی جب کہ اس تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز طبی عملے کو متاثرہ علاقے میں جانے سے روک رہی ہیں۔

ایک نمازی اور عینی شاہد رامی عباس نے خبر رساں ادارے اے ایف کو بتایا، ''مسجد کے احاطے کے مشرقی حصے میں پولیس نے آنسو گیس پھینکی۔ یہ ایسے مناظر تھے کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔ پھر پولیس مسجد میں داخل ہو گئی اور سب کو پیٹنا شروع کر دیا۔ انہوں نے وہاں لوگوں کر حراست میں لے لیا اور نوجوانوں کے اوندھے منہ لٹا دیا جب کہ اس دوران انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا تھا۔‘‘

کیا قطر میں اسرائیلیوں کو سرد رویے کا سامنا ہے؟

دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ پولیس مسجد میں تب داخل ہوئی، جب نقاب پوش افراد نے، جو پتھروں، لاٹھیوں اور آتش گیر مواد سے لیس تھے، مسجد کے دروازے بند کر دیے۔

''جب پولیس اندر داخل ہوئی، انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پولیس اہلکاروں پر مسجد کے اندر سے بڑی تعداد میں موجود شرپسندوں کی جانب سے آتش گیر مواد فائر کیا گیا۔‘‘

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گیا۔‌

ع ت / ش ر، م م (اے ایف پی، روئٹرز)