مرے، ولیمزاورسافینا ومبلڈن کے چوتھے راؤنڈ میں
28 جون 2009برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے نے ومبلڈن کے تیسرے راؤنڈ میں وکٹر ٹراؤیکی کو شکست دے کرچوتھےراؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ مرے نے یہ میچ چھ دو، چھ تین اور چھ چارسے جیتا، اور اب ٹینس یہ برطانوی کھلاڑی اپنا پہلا ومبلڈن جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔
تیسرے راؤنڈ کے میچ میں انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہر کیا اور پہلے سیٹ میں اس وقت سروس بریک کی جب سیٹ تین دو کے مرحلے پر تھا۔ اس کے بعد ٹراؤیکی لگاتارگیمز ہار گئے۔ پہلے سیٹ کے بعد ٹراؤیکی جم کر نہ کھیل سکے اور بقیہ دو سیٹس بھی اینڈی مرے نے با آسانی جیت لیے۔
اینڈی مرے کا کہنا ہے کہ ومبلڈن کے پہلے ہفتے میں اپنی کارکردگی کو وہ پہلے درجے کی کارکردگی قرار دیں گے۔ مزید کہ وہ ہر میچ کے بعد خود کو پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ تاہم ان کو ومبلڈن جیتنے کے لیے اگلے میچوں میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں دفاعی چیمپیئن وینس ولیمز اور دینارا سافینا بھی چوتھے راؤنڈ میں باآسانی پہنچ چکی ہیں۔