1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مراکشی فوجی طیارے کی تباہی، تمام اسی افراد ہلاک

27 جولائی 2011

جنوبی مراکش میں خراب موسم کی وجہ سے ایک فوجی طیارے کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو جانے کے نتیجے میں اس جہاز میں سوار تمام 80 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کو ملکی تاریخ کا بدترین فضائی حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/124f1
تصویر: Bildagentur-online/TIPS-Images

مراکش کے شاہ محمد ششم نے اس حادثے کے بعد ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق صحارا کے صحرائی علاقے میں پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 78 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ بعدازاں ہسپتال کے ذرائع نے تصدیق کی کہ جن دو افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، وہ بھی اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

C130 طرز کے اس طیارے کی تباہی کے فوری بعد کہا گیا تھا کہ اس ہوائی جہاز میں کل 81 افراد سوار تھے تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ایک مسافر اس جہاز میں سوار ہوا ہی نہیں تھا۔ یوں اس حادثے میں طیارے میں سوار افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثہ ملکی دارالحکومت رباط کے شمال میں 830 کلو میٹر دور واقع گلمین نامی پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ زیادہ تر فوجی سوار تھے، جومغربی صحارا میں واقع Laayoune سے ساحلی شہر Agadir جا رہے تھے۔

Flash-Galerie Hercules C-130 Militär US Airforce Transportflugzeug Flugzeug Luftwaffe
سی ون تھرٹی طیارہ، فائل فوٹوتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مراکش کی سرکاری خبر ایجنسی MAP کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ شاہ محمد ششم اور شاہی فوج کے سربراہ نے اس حادثے کے فوری بعد ملک میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جو منگل کے دن سے شروع ہو گیا اور اس دوران قومی پرچم تین روز تک سرنگوں رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ مراکش کے بادشاہ نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیتی پیغامات بھی ارسال کیے ہیں۔

فوج ذرائع کے بقول حادثے کی وجہ خراب موسم بنا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’اس حادثے کی وجہ دھند اور خراب موسم قرار دیے جا رہے ہیں۔ تاہم فی الحال اس بارے میں اس سے زیادہ معلومات دستیاب بھی نہیں ہیں‘۔

گلمین صوبے کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب طیارہ گلمین کے ایک مقامی ہوائی اڈے پر اترنے والا تھا۔ رباط میں حکام کے مطابق اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کیے جانے سے پہلے ایک مرکزی ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں