1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد عرفان کرکٹ ورلڈ کپ میں منفرد کھلاڑی

امتیاز احمد2 فروری 2015

سات فٹ ایک انچ قد والے فاسٹ بولر محمد عرفان اپنے قد کی وجہ سے خطرناک بولر سمجھے جاتے ہیں۔ دوسری جانب ہر دورے کے دوران ان کے لیے خصوصی بیڈ کا انتظام کیا جاتا ہے جبکہ ان کے سائز کے جوتے بھی مشکل ہی سے ملتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EULm
Pakistan Mohammad Irfan
تصویر: DW/T.Saeed

پاکستان کے بولر محمد عرفان ورلڈ کپ کے دوران نہ صرف میدان کے اندر بہترین تاثر دینا چاہتے ہیں بلکہ میدان کے باہر بھی۔ وہ اپنے اونچے قد کی وجہ سے دور ہی سے پہچانے جائیں گے۔

محمد عرفان کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’میں جانتا ہوں کہ میں اپنے قد کی وجہ سے جلد ہی لوگوں کی نظروں میں آ جاتا ہوں لیکن میری یہ بھی کوشش ہو تی ہے کہ وہ میرے ساتھ تصویر اتروا لیں تا کہ وہ خوش ہو جائیں۔‘‘

Pakistan Mohammad Irfan
تصویر: DW/T.Saeed

ان کا مزید کہنا تھا، ’’میں آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی اپنے مداحوں کے ساتھ تصویریں اتروانے کے لیے تیار ہوں لیکن میری توجہ میری کارکردگی پر ہو گی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ بولنگ کا شاندار مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تا کہ پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی پوزیشن میں آ سکے۔

محمد عرفان نے سن 2013 کے اوائل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کے مداحین اُن کے ساتھ فوٹو اتروانے کے لیے بے چین نظر آئے تھے۔ بتیس سالہ عرفان کا اپنے اس دورے کے بارے میں یادیں تازہ کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ اس وقت واقعی بہت مزہ آیا تھا۔ میں قطعاً مغرور نہیں اور جس نے بھی فوٹو اتروانے کی درخواست کی، اُسے میں نے پورا کیا اور سب سے زیادہ مزہ اس وقت آتا تھا، جب وہ اپنے قد کا موازنہ میرے قد سے کرتے تھے۔‘‘

تاہم کھیل کے میدان میں عرفان کی سب سے بڑی خواہش یہی ہے کہ وہ مدمقابل بلے باز کو پاؤں سے اُکھاڑ دیں، ’’ورلڈ کپ بہت بڑا ایونٹ ہے اور ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بہترین کھیل پیش کرے، میں بھی ویسا ہی شاندار کھیل پیش کرنا چاہتا ہوں، جیسا وسیم اکرم نے سن 1992 کے ورلڈ کپ میں پیش کیا تھا۔‘‘

تئیس برس پہلے پاکستان اپنا پہلا اور واحد ورلڈ کپ جیتا تھا اور اس میں وسیم اکرم اٹھارہ وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ یاد رہے کہ سعید اجمل اور مصباح کی غیر موجودگی میں پاکستانی بولنگ بظاہر خاصی کمزور ہوچکی ہے لیکن محمد عرفان اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

محمد عرفان کا قد انہیں ایک خطرناک بولر بناتا ہے۔ بلے بازوں نے اتنے بڑے قد کے بولر کا تجربہ شاذ و نادر ہی کیا ہوتا ہے۔

دوسری جانب عرفان کے پاؤں بھی لمبے ہیں اور انہیں ہمیشہ اپنے لیے موزوں جوتے تلاش کرنے میں دِقت رہتی ہے۔ عرفان کہتے ہیں کہ ماضی میں اپنے سائز کے مطابق چیزیں حاصل کرنا بھی ان کے لیے کوئی آسان کام نہیں رہا، ’’گھر میں سوتے ہوئے مشکل کا سامنا رہا۔ میں جو بھی کِٹ لاتا تھا، وہ مجھے پوری نہیں ہوتی تھی اور جوتوں کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی تھا۔ لیکن جب سے میں پاکستان کے لیے کھیل رہا ہوں ان مسائل کو حل کر لیا گیا ہے۔‘‘ اب ہر دورے سے پہلے ٹیم مینجر ہوٹل مالکان سے ان کے لیے اسپیشل بیڈ کے انتظام کے لیے کہتے ہیں۔