1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لیبیا شہریوں کی لاشیں پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا ہے‘

27 مارچ 2011

امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ معمر قذافی کی حامی سکیورٹی فورسز ممکنہ طور پر شہریوں کو قتل کر کے ان کی نعشیں ان جگہوں پر ڈال رہی ہیں، جنہیں اتحادی طیاروں نے نشانہ بنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/10i3e

رپورٹوں کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اس اقدام کا مقصد شہریوں کے قتل کی ذمہ داری اتحادی فوج پر ڈالنا اور حقائق پر پردہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔

Libyen Aufständische auf Rückzug von Adschdabija
باغیوں کی پیش قدمی جاری ہےتصویر: dapd

یہ بات امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے ہفتے کے روز اپنے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہی۔ گیٹس نے کہا، ’ہمارے پاس ایسی بہت سی اطلاعات ہیں کہ قذافی کی سکیورٹی فورسز اپنے ہاتھوں قتل کیے گیے افراد کی نعشیں ان جگہوں پر ڈال رہی ہیں، جہاں ہم نے حملہ کیا ہو۔‘

گیٹس نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے CBS نیوز کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کہی۔ یہ انٹرویو آج اتوار کو نشر کیا جائے گا۔

امریکی قیادت میں اتحادی افواج نے لیبیا میں اپنی لڑاکا طیاروں کی مدد سے اپنی کارروائیوں کا آغاز ایک ہفتہ قبل کیا تھا۔ اس فوجی کارروائی کا مقصد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی اس قرارداد کا اطلاق تھا، جس کے مطابق سکیورٹی کونسل نے اقوام متحدہ کے ممبر ممالک سے اپیل کی تھی کہ وہ ’تمام ممکنہ اقدامات‘ کے ذریعے لیبیا میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں عام شہریوں کے قتل عام کو روکیں۔

گزشتہ ہفتے لیبیا کے حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ اتحادی طیاروں کی کارروائیوں میں صرف ایک دن کے دوران 100 شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مغربی افواج نے اسے یکسر رد کر دیا تھا۔

گیٹس نے اپنے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ اس وقت مغربی افواج کے پاس ایسے ذرائع دستیاب نہیں، جن سے یہ ثابت کیا جا سکے کہ اتحادی افواج کے کسی حملے میں کوئی عام شہری ہلاک نہیں ہوا۔

امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا اب معمر قذافی کے اقتدار سے الگ ہونے کے دن قریب ہیں، تو گیٹس نے کہا، ’اگر میں ان کی جگہ ہوتا، تو اپنی کوئی نئی تصویر آویزاں نہ کرتا۔‘

Libyer Versammlung Benghazi NO FLASH
قدافی مخالف مظاہرے کا ایک منظرتصویر: picture alliance/dpa

واضح رہے کہ امریکی حکام متعدد مرتبہ اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ اتحادی افواج کی کارروائیوں کا مقصد قذافی کو اقتدار سے الگ کرنا نہیں بلکہ شہریوں کا تحفظ ہے، تاہم یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ مغربی ممالک قذافی کو اقتدار میں مزید دیکھنا نہیں چاہتے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں