1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستلبنان

لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملے جاری

30 ستمبر 2024

شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیلی علاقوں پر راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ اس گروپ نے بحیرہ روم میں ایک اسرائیلی گیس پلیٹ فارم کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

https://p.dw.com/p/4lFlY
شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے راکٹ حملے کا نشانہ بننے والا ایک گھر
حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں کئی شمالی اسرائیل میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔تصویر: Gil Eliyahu/AFP/Getty Images

اسرائیلی فوج کی جانب سے پیر کے روز بتایا گیا کہ لبنان سے شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ایک فوجی بیان کے مطابق شمالی اسرائیلی شہر صفد میں راکٹ حملے سے انتباہ کے لیے سائرن بجائے گئے، تاہم ان راکٹ حملوں کے نتیجے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی کسی عمارت کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

لبنان میں اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر
لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی حملے جاری ہیںتصویر: Aziz Taher/REUTERS

فوجی بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی کشتی نے بحیرہ روم میں ایک ڈرون کو تباہ کیا ہے، جو اسرائیل کے کارِش گیس پلیٹ فارم کو ممکنہ طور پر ہدف بنانا چاہتا تھا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے اسرائیلی علاقے جلیل اور اسرائیل کے زیرقبضہ گولان کی پہاڑیوں کی جانب بھی35 میزائل داغے گئے۔

حسن نصراللہ کے جانشین کی تقرری جلد ہی

دریں اثنا حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم جلد ہی حسن نصراللہ کے جانشین کے نام کا اعلان کر دے گی۔ حزب اللہ کے المنار ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں قاسم کا کہنا تھا، ''پارٹی کے نئے سیکرٹری جنرل کے نام کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔‘‘

حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم
حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کے مطابق تنظیم سربراہ کا تقرر جلد ہی کر لے گیتصویر: Bilal Hussein/AP/picture alliance

جمعے کو بیروت کے نواح میں ایک بڑے عسکری فضائی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور متعدد اعلیٰ کمانڈروں کی ہلاکت کے بعد اس تنظیم کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا یہ پہلا خطاب تھا۔ قاسم نے بتایا کہ جمعے کے روز اسرائیلی حملے میں نصراللہ کے ساتھ دیگر چار کمانڈر بھی ہلاک ہوئے۔ انہوں نے 20 کمانڈروں کی ہلاکت کے اسرائیلی دعوے کو رد کیا۔

بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی حملے

جزب اللہ لبنان میں اسرائیلی زمینی کارروائی کے خلاف تیار

حزب اللہ کے نائب سربراہ کا اپنے اس ٹیلی وژن خطاب میں کہنا تھا کہ ان کی تحریک لبنان میں کسی بھی اسرائیلی زمینی عسکری کارروائی کے خلاف مزاحمت کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا، ''ہم ہر طرح کے امکان کے لیے تیار ہیں۔ اگر اسرائیل زمینی راستے سے اندر داخل ہوا، تو مزاحمتی قوتیں اس سے بھرپور لڑائی کریں گی۔‘‘

گزشتہ دو ہفتوں میں حزب اللہ کو کئی دھچکے پہنچے ہیں جبکہ اس تنظیم کے کئی اہم کمانڈر مارے جا چکے ہیں۔ تاہم خدشات ہیں کہ اسرائیل اپنی زمینی فوجیں لبنان میں داخل کر سکتا ہے۔

ع ت / ا ا، م م (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)