1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لادین افراد دنیا کا تیسرا بڑا گروپ

19 دسمبر 2012

عقائد کے حجم سے متعلق ایک نئی تحقیق کے مطابق دنیا میں مسیحیوں اور مسلمانوں کے بعد تیسرا بڑا گروپ لادین افراد کا ہے۔ ہندو چوتھے نمبر پر ہیں۔

https://p.dw.com/p/175NF
Religious symbols, Paris, France, Europe
تصویر: picture alliance/Godong/Robert Harding

اس تحقیق کا عنوان ’گلوبل ریلیجیئس لینڈاسکیپ‘ ہے، جس کے نتائج واشنگٹن میں قائم پیو فورم آن ریلیجن اینڈ پبلک لائف نے منگل کو جاری کیے۔

اس تحقیق کی بنیاد 2010ء کے وسیع تر اعداد وشمار ہیں، جس کے مطابق مستقبل میں اسلام اور ہندو مت کے پھیلنے کی بڑی حد تک توقع ہے جبکہ یہودی پھیلاؤ کے لحاظ سے کمزور ترین گروپ ہے۔

Symbolbild Religion Christentum Kreuz
مسیحی 157 ملکوں میں اکثریت میں ہیںتصویر: picture alliance/R. Goldmann

اس کے مطابق مسیحیت دنیا میں ہر جگہ پھیلتا ہوا مذہب ہے اور ہر خطے میں اس کے پیروکار رہتے ہیں۔ عالمی پھیلاؤ کے لحاظ سے ہندو مت سب سے پیچھے ہے اور اس کے 94 فیصد پیروکار ایک ہی ملک یعنی بھارت میں آباد ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ تقریباﹰ چھ ارب 90 کروڑ افراد پر مشتمل دنیا کی 84 فیصد آبادی اپنا تعلق کسی نہ کسی مذہب سے جوڑتی ہے۔ لادین یا سیکولر کی کیٹیگری ان افراد پر مشتمل ہے جو کسی مذہب کے پیرو کار ہونے کا اقرار نہیں کرتے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے: ’’متعدد لادین افراد مذہبی یا روحانی عقائد رکھتے ہیں۔‘‘

اس میں مزید کہا گیا ہے: ’’چین میں کسی مذہب کو نہ ماننے والے بالغ افراد کا سات فیصد، فرانس میں 30 فیصد اور امریکا میں 68 فیصدخدا یا کسی اعلیٰ طاقت پر ایمان رکھتا ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دنیا کی مذہبی آبادی کی درست تعداد کا پتہ لگانا ناممکن ہے اور بڑے مذہب کے حجم میں لاکھوں کا فرق ہو سکتا ہے۔

پیو فورم کے کونراڈ ہیکیٹ کا کہنا ہے کہ اس تحقیق میں استعمال کیے گئے اعداد و شمار مردم شماری، سروے اور آبادی کے ڈھائی ہزار رجسٹروں سے حاصل کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ہر ملک کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

Lahore Pakistan Panorama Altstadt Moschee
نوجوان آبادی کی وجہ سے اسلام کا پھیلاؤ متوقع ہےتصویر: Getty Images

ہیکیٹ نے مزید کہا کہ نوجوان آبادی مسلمانوں کی تعداد میں اضافے کی اہم وجہ رہے گی۔ یہودی آبادی میں اوسط درمیانی عمر 36 برس ہے ، جس کی وجہ سے اس کے پھیلاؤ کا امکان کم ہے۔

عالمی سطح پر مسیحیوں کی اوسط درمیانی عمر 30 برس ہے جبکہ ہندوؤں کی 26 برس۔ لادین یا بے مذہب لوگوں کی اوسط درمیانی عمر 34 برس ہے، جس کی وجہ سے اس گروپ کے پھیلاؤ کا امکان بھی کم ہے۔

Hindu Frauen
ہندو صرف تین ملکوں میں اکثریت میں ہیںتصویر: Reuters

دو ارب 20 کروڑ کے ساتھ مسیحیت سب سے بڑا مذہب ہے، جس کے پیروکاروں کی تعداد کُل عالمی آبادی کا 31.5 فیصد ہے، جس کا نصف رومن کیتھولک مسیحیوں پر مشتمل ہے۔

مسلمانوں کی آبادی ایک ارب 60 کروڑ ہے، جن میں سے بیشتر سنی مسلمان ہیں جبکہ 10 سے 13 فیصد شیعہ ہیں۔

ایک ارب 10 کروڑ لادین افراد میں سے 70 کروڑ چین میں رہتے ہیں، جو چین کی آبادی کا 52.2 فیصد ہیں۔ دوسرے نمبر پر جاپان ہے جہاں بے مذہب افراد کی تعداد سات کروڑ 20 لاکھ ہے۔ امریکا میں ان افراد کی تعداد پانچ کروڑ 10 لاکھ بنتی ہے۔

اس تحقیق کے مطابق 97 فیصد ہندو، 87 فیصد مسیحی اور 73 فیصد مسلمان ایسے ملکوں میں رہتے ہیں جہاں وہ اکثریت میں ہیں۔

مسیحی 157 ملکوں میں اکثریت میں ہیں جبکہ مسلمان 49 ملکوں میں۔ ہندو صرف بھارت، نیپال اور ماریشیس میں اکثریت میں ہیں۔

ng/ij (Reuters)