قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر 12 افراد گرفتار
13 دسمبر 2016خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان 12 افراد کو پیر 12 دسمبر کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے دوران بھارتی قوامی ترانہ بجائے جانے کے دوران یہ افراد اپنی نشستوں پر ہی بیٹھے رہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے گزشتہ ماہ ایک حکم میں کہا گیا تھا کہ ملک میں چلنے والی ہر فلم کے آغاز میں قومی ترانہ لازمی طور پر بجایا جائے اور اس دوران حاضرین کا ترانے کے احترام میں کھڑے ہونا لازمی ہو گا۔ عدالت کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عوام میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔
بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت تھیرواننتھاپورم کے ایک پولیس انسپکٹر انیل کمار نے آج منگل کے روز بتایا کہ شہر میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 12 افراد کو حِراست میں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم ان افراد کو بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
دوسری طرف ملک کے ایک جنوبی شہر چنئی میں اتوار کے روز بھارتی قومی ترانہ بجائے جانے کے دوران کھڑا نہ ہونے پر آٹھ افراد کو دائیں بازو کو افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ایک سنیما میں پیش آیا۔