1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قومی ترانہ، چپاتی اور شطرنج: پاکستان میں نئے عالمی ریکارڈ

22 اکتوبر 2012

پاکستانی کھلاڑیوں نے اس سال گرمیوں میں برطانیہ میں ہونے والے اولمپک مقابلوں میں تو کوئی میڈل نہیں جیتے تھے لیکن پاکستان میں ہی اب کئی نئے عالمی ریکارڈ قائم کر دیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/16UW7
تصویر: DW/C. Nippard

یہ ریکارڈ چپاتی بنانے سے لے کر پلگ وائرنگ اور شطرنج کے بورڈ لگانے کے شعبوں میں قائم کیے گئے ہیں۔ خبر ایجنسی اے ایف پی نے لاہور سے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ گزشتہ ویک اینڈ پر پاکستان میں مختلف طرح کے کئی عجیب و غریب ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی گئی، جو کامیاب رہی۔

سب سے پہلا ریکارڈ لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں قائم کیا گیا۔ وہاں 42 ہزار 813 افراد نے مل کر قومی ترانہ گایا۔ اس سے پہلے یہ عالمی ریکارڈ بھارت میں قائم کیا گیا تھا، جہاں 15 ہزار 243 افراد نے مل کر بھارت کا قومی ترانہ گایا تھا۔

Indien Chapati
منشا نے صرف تین منٹ اور 14 سیکنڈ میں تین چپاتیاں تیار کر کے دکھا دیںتصویر: picture-alliance/Photocuisine

پھر اتوار کے روز محمد منشا نامی ایک پاکستانی شہری نے ایک اور نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ منشا نے آٹا گوندھنے سے لے کر چپاتی تیار کرنے تک کے تمام مرحلے اتنی جلد مکمل کیے کہ اس نے صرف تین منٹ اور 14 سیکنڈ میں تین چپاتیاں تیار کر کے دکھا دیں۔

اس کے علاوہ پچھلے ویک اینڈ پر پاکستان ہی میں جو ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا، اس کا سہرا بارہ سالہ مہک گل کے سر جاتا ہے۔ مہک نے صرف ایک ہاتھ استعمال کرتے ہوئے شطرنج کے بورڈ پر تمام مہرے اتنی جلدی لگا دیے کہ یہ بورڈ کھیلنے کے لیے تیار ہو گیا۔ اسے اس کام میں صرف 45 سیکنڈ لگے جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

پاکستان میں قومی ترانہ گانے کے علاوہ جو باقی تین نئے عالمی ریکارڈ قائم کیے گئے ہیں، وہ ریکارڈ قائم کرنے کا اس سے پہلے کبھی کسی نے نہیں سوچا تھا۔

Symbolbild Schach Peer Steinbrück
مہک نے صرف ایک ہاتھ استعمال کرتے ہوئے شطرنج کے بورڈ پر تمام مہرے لگا دیے اس کام میں صرف 45 سیکنڈ لگےتصویر: Elnur/Fotolia

ایک اور نیا عالمی ریکارڈ احمد امین بودلہ نے قائم کیا۔ انہوں نے مارشل آرٹس کے ایک کھلاڑی کے طور پر ایک پنچنگ بیگ کو صرف تین منٹ میں 616 مرتبہ کک کیا۔ ان سے پہلے کا عالمی ریکارڈ 612 ککس کا تھا۔ وہ ریکارڈ بھی ایک پاکستانی نے ہی قائم کیا تھا۔

ان ورلڈ ریکارڈز کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام لاہور میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والے یوتھ فیسٹیول کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی طرف سے اس کے ایک اہلکار Gareth Deaves خاص طور پر لاہور گئے۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اگر کوئی نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوتا ہے تو ایسا مکمل غیرجانبداری سے کیا جائے۔

لاہور میں گزشتہ ویک اینڈ پر قائم کیا جانے والا ایک نیا عالمی ریکارڈ یہ تھا کہ سعدی محمد نامی ایک پاکستانی شہری نے اپنی مونچھوں سے 1.7 ٹن وزنی ایک پک اپ ٹرک کو 60.3 میٹر کے فاصلے تک کھینچا۔ انہیں یہ ریکارڈ قائم کرنے پر انتہائی زیادہ داد ملی۔

(ij / aa (AFP