1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر کے لیے امریکی سفیر اپنے عہدے سے سبک دوش

عاطف توقیر
13 جون 2017

قطر کے لیے امریکی سفیر ڈانا شیل نے اپنے عہدے سے سبک دوش ہونے کا اعلان کیا ہے۔ دانا شیل سمتھ دوحہ ایک ایسے موقع پر چھوڑ رہی ہیں، جب قطر کو اپنے ہم سایہ ممالک کی جانب سے سخت ناکہ بندی کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2eeVI
Katar | Militärparade in Katar
تصویر: picture-alliance/Photoshot

آج منگل 13 جون کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں دانا شیل سمتھ نے کہا، ’’اس ماہ، میں قطر میں تین برس تک امریکی سفیر رہنے کے بعد سبک دوش ہو رہی ہوں۔ میرے لیے میری زندگی کا یہ سب سے بڑا اعزاز تھا۔ میں اس عظیم ملک کو یاد رکھوں گی۔‘‘

سمتھ نے اپنے پیغام میں یہ نہیں بتایا کہ وہ یہ عہدہ کیوں چھوڑ رہی ہیں یا آیا وہ امریکا کے لیے بہ طور سفارت کار اپنا کام جاری رکھیں گی۔ سمتھ یا امریکی محکمہء خارجہ کی جانب سے اس بابت بھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے کہ سمتھ کی جگہ کس کو بہ طور امریکی سفیر قطر بھیجا جا رہا ہے۔

واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ یہ سمتھ کا ذاتی فیصلہ تھا اور یہ فیصلہ انہوں نے رواں برس کے آغاز پر ہی کر لیا تھا۔

Saudi Arabien Trump und König Salman bin Abdulaziz  Al Saud
ٹرمپ سعودی اقدام کی حمایت کے اشارے دے چکے ہیںتصویر: picture alliance/AA/B. Algaloud

امریکی محکمہء خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’سفیر دانا سمتھ کی ذمہ داریاں، رواں ماہ کے اختتام پر پوری ہو رہی ہیں۔ وہ رواں ماہ قطر چھوڑ دیں گی۔ بہ طور سفیر تمام ہی سفارت کار دنیا بھر میں اپنی خدمات انجام دینے کے لیے تعینات اور ٹرانسفر کیے جاتے ہیں۔‘‘

سمتھ یہ عہدہ ایک ایسے موقع پر چھوڑ رہی ہیں، جب خلیجی ممالک اور قطر کے درمیان شدیدکشیدگی ہے۔ سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیے ہیں اور اس پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ شدت پسندوں کی معاونت کر رہا ہے۔ قطر ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس حوالے سے سعودی اقدامات کے حق میں اشارے دے چکے ہیں، جب کہ دیگر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک اور قطر کو بات چیت کے ذریعے اس تنازعے کا حل ڈھونڈنا چاہیے۔