1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطب جنوبی میں پھنسے ریسرچرز کے لیےریسکیو آپریشن موسم کے رحم و کرم پر

عابد حسین2 جنوری 2014

قطب جنوبی میں باون محققین اور سائنسدانوں کو انتہائی برے موسم کا سامنا ہے۔ اُن کی امداد کے لیے گیا ہوا چینی بحری جہاز انتہائی خراب موسم کا سامنا کر رہا ہے۔ جمعرات کے روز ہیلی کاپٹروں سے امدادی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1AkAQ
تصویر: picture-alliance/AP Images

باون ریسرچرز اور سائنسدان ایک تحقیقی بحری جہاز پر سوار ہو کر قطب جنوبی پہنچے تھے۔ اِن افراد کو قطب جنوبی میں پھنسے ہوئے اب ایک ہفتے سے زائد عرصہ گزر گیا ہے۔ اِس دوران اِسے شدید برفانی طوفان کا سامنا رہا۔ ریسرچ والا بحری جہاز اب پوری طرح برف میں پھنس چکا ہے اور خراب موسم کی وجہ سے برف توڑنے والے تین جہاز بھی ان سائنسدانوں کے جہاز تک امدادی بحری جہاز کو لے کر جانے میں ناکام رہے ہیں۔ اب موسم بہتر ہونا شروع ہو گیا ہے اور اگر صورت حال مناسب رہی تو پھنسے ہوئے محققین کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقام تک منتقل کر دیا جائے گا۔

آسٹریلیا کی سمندری سیفٹی اتھارٹی (AMSA) کا ریسکیو کوآرڈینیشن مرکز اِس وقت پھنسے ہوئے ریسرچرز کے امدادی عمل میں معاونت اور رہنمائی کر رہا ہے۔ اسی ادارے نے بتایا ہے کہ قطب جنوبی کے اُس مقام پر اب موسم نے بہتر رخ اختیار کرنا شروع کر دیا ہے جہاں ریسرچرز اور سائنسدان اپنا تحقیقی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب موسم کھل جانے سے دور تک دکھائی دینے کی حالت بھی بہت بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے اور موسم کی یہ صورت حال اگلے تین دن تک رہ سکتی ہے۔ آسٹریلوی ادارے کے مطابق اب کسی بھی وقت امدادی پروازوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

MV Akademik Shokalskiy Forschungsschiff Antarktis
ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی کے ریسرچرز ہیلی کاپٹر کے اترنے کے مقام کو بہتر کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa/Epa/Andrew Peacock/Footloosefotography/Spiritofmawson.com

قطب جنوبی میں پھنسا ہوا روسی جہاز ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی ہے۔ یہ کرسمس کے دن سے انتہائی خراب موسم کی لپیٹ میں آیا تھا اور بعد میں برفانی طوفان کی وجہ سے برف میں پوری طرح دھنس کر رہ گیا۔ برف توڑنے والے آسٹریلوی بحری جہاز آرورا سے توقع کی گئی تھی کہ وہ برف توڑ کر محققین کے جہاز کو باہر نکالنے میں معاون ثابت ہو گا۔ آرورا آئس بریکر ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی سے 20 کلو میٹر کی دوری پر تھا کہ انتہائی شدید برف باری اور تیز ہوا نے اُسے بےبس کر دیا اور وہ واپس لوٹ آیا۔ ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی پر عملے کے اراکین سمییت کُل 74 افراد سوار ہیں اور اُن کو بچانے کے لیے ایک چینی بحری جہاز سنو ڈریگن پہلے ہی خطے میں موجود ہے۔

چینی بحری جہاز سنو ڈریگن ہیلی کاپٹر سروس کا حامل ہے۔ امدادی پروگرام کے مطابق ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی پر موجود مسافروں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گیارہ کلومیٹر کی مسافت پر کھڑے بحری جہاز سنو ڈریگن تک پہنچایا جائے گا۔ اِس وقت آسٹریلوی آئس بریکر آرورا اور سنوڈریگن قریب قریب لنگر انداز ہیں۔ ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی آسٹریلوی مقام ہوبارٹ سے 2700 کلومیٹر کی دوری پر قطب جنوبی میں پھنسا ہوا ہے۔ یہ بحری جہاز ریسرچ پراجیکٹ پر 28 نومبر کو نیوزی لینڈ کی ایک بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔ ایم وی اکیڈیمک شوکالِسکی سن 1911 سے سن 1913 تک ایک آسٹریلوی مہم جُو ڈگلس ماسن (Douglas Mawson) کے دریافت کردہ راستے پر سے ایک بار پھر گزرنا چاہتا تھا۔ ریسرچرز کی ٹیم کے سربراہ کرس ٹرنی ہیں۔