1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیڈرر اور مرے تیسرے راؤنڈ میں، ندال و شاراپووا شکست سےبچ گئے

عابد حسین21 جنوری 2015

ٹینس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کا آغاز رواں ہفتے کے پہلے روز پیر کو ہوا تھا۔ میلبورن میں آج کل خاصا گرم موسم ہے اور کھلاڑیوں کو سخت موسمی مشکلات کے ساتھ زوردار مقابلوں کا بھی سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ENlA
ماریا شاراپوواتصویر: Getty Images/C. Brunskill

بدھ کا دِن آسٹریلین اوپن کا تیسرا دن تھا۔ پہلے راؤنڈ کے مقابلے ختم ہو چکے ہیں اور دوسرے راؤنڈ کے مقابلے قریب اُلاِختتام ہیں۔ رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پہلے روز ہی اپ سیٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ اِن فارم اور عالمی نمبر پانچ انا ایوانووچ کو چیک جمہوریہ کی ایک غیر معروف کھلاڑی سے ہارنا پڑا۔ انا ایوانووچ سابقہ عالمی نمبر ایک ہیں اور اُن کا تعلق سربیا سے ہے۔ اب تک ایوانووچ کی شکست کو جاری آسٹریلین اوپن کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔ ہارنے والی دوسری اہم خواتین کھلاڑیوں میں جرمنی کی عالمی نمبر نو انگلیک کیربر، عالمی نمبر سولہ لُوسی سافارووا کے علاوہ سویٹلانا کُزنیٹسووا اور پیولیچینکووا بھی شامل ہیں۔

پہلے راؤنڈ میں روس کی کھلاڑی اور موجودہ عالمی نمبر دو ماریا شارا پووا نے اپنا میچ آسانی سے جیت لیا تھا لیکن دوسرے راؤنڈ میں شاراپووا ہارتے ہارتے بچی۔ اُن کے ساتھ اُن کی ہم وطن الیگزانڈرا پانووا کا میچ تھا جو سخت گرمی میں خاصا طویل رہا۔ پانووا کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن 150 ویں ہے۔ پہلا سیٹ جیتنے کے بعد شاراپووا کو دوسرے سیٹ میں شکست کا سامنا رہا اور تیسرے میں پانووا نے ہر پوائنٹ کے لیے عالمی نمبر دو کا مقابلہ کیا۔ سخت محنت کے بعد کامیابی شاراپووا کے حصے میں آئی۔ عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز نے ٹورنامنٹ کا آغاز شاندار انداز میں کر کے دوسرے تمام کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اِس وقت پوری طرح سے فِٹ اور فارم میں ہیں۔

Australien Deutschland Tennis Australian Open 2015 Carina Witthöft
جرمنی کی کارینا وِٹہُوفتصویر: picture-alliance/dpa/M. Nagi

شاراپووا کی طرح ریکارڈ ساز راجر فیڈرر کو بھی اپنے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں خاصی محنت کرنا پڑی اور انہیں اطالوی کھلاڑی سیمون بولیلی کی جانب سے خاصے سخت مقابلے کا سامنا رہا۔ فیڈرر کو دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی کی انجری کا بھی سامنا ہے۔ وہ خاصے درد میں بولیلی کا سامنا کرتے رہے۔ فیڈرر کو کامیابی چارسیٹ کے میچ میں ہوئی۔ اپنی چھوٹی انگلی کے بارے میں فیڈرر کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ شہد کی مکھی نے اِس انگلی پر ڈَس لیا ہے۔ فیڈرر نے میچ کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شدید درد کا پہلی مرتبہ سامنا کر رہے ہیں اور اِن حالات میں کامیابی بہت اہم ہے۔ چودہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے رافیل ندال کو دوسرے راؤنڈ میں چار گھنٹے سے زائد کے طویل میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔

آج کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں برطانیہ کے سکاٹِش کھلاڑی اینڈی مرے نے بڑی آسانی سے میچ جیت لیا۔ مرے نے مارِنکو ماٹوسیووچ کو تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ ماٹوسیووچ تین سیٹس میں صرف چھ گیمز جیت سکا۔ مرے کا اب اگلا میچ ماریا شاراپووا کے بلغارین پارٹنر گریگور دیمتروف کے ساتھ ہے۔ گریگور دیمتروف کو انتہائی ہونہار ابھرتا ہوا کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔ دیمتروف کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن دسویں ہے۔ عالمی نمبر سات ٹوماس بردیخ نے بھی اپنا میچ جیت کر تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ خواتین میں کینیڈا کی یوجین بُوچارڈ، قزاقستان کی زارینا دیاس، بیلجیم کی وِکمار، ایوانووچ کو ہرانے والی لُوسی رادیکا، روس کی ماکارووا اور جرمنی کی کارینا وِٹہُوف بھی اپنے میچ جیت کر اگلے مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔