1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فن لینڈ فضائیہ نے اپنے علامتی نشان سے سواستیکا ہٹا دیا

2 جولائی 2020

فن لینڈ کی فضائیہ نے اپنے علامتی نشان (لوگو) میں شامل سواستیکا کو بڑی خاموشی سے ہٹا دیا۔ وہ 1918ء سے اس نشان کا استعمال کررہی تھی۔

https://p.dw.com/p/3efL7
Finnische Kadetten mit Hakenkreuz-Flagge
تصویر: picture-alliance/dpa/ LEHTIKUVA/V.Moilanen

فن لینڈ نے نئے لوگو کے متعلق کسی اعلان کے بغیر اپنے جنرل اسٹاف کا شناختی نشان اور اپنی فضائیہ کمان کے لوگوکو تبدیل کردیا ہے۔

نئے لوگو میں ایک سنہراعقاب اور پروں کا دائرہ بنا ہوا ہے جبکہ پرانے لوگو میں سواستیکا کا نشان تھا، جسے نازی جرمنی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

ہلسنکی یونیورسٹی میں پروفیسر تیؤ تیئے وینن نے پہلی مرتبہ اس تبدیلی کو نوٹ کیا اور بتایا کہ فن لینڈ کی فضائیہ 1918 سے ہی سواستیکا نشان کا استعمال کررہی ہے۔

فن لینڈ فضائیہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ گوکہ فضائیہ نے دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اپنے طیاروں میں سواستیکا کا استعمال بند کردیا تھا تاہم یہ اس کی یونٹ کے علامتی نشان، یونٹ کے پرچموں اور وردیوں پر استعمال ہورہا تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایئر فورس کمان اور ایرفورس سروس کے لوگو میں مماثلت کے لیے جنوری 2017 میں سواستیکا کو ہٹا کر اس کی جگہ سنہرا عقاب اور پروں کے دائرے کو شامل کیا گیا تھا۔

سواستیکا نازی جرمنی کا علامتی نشان تھا۔ اسے ایک سویڈش معزز شخص کاونٹ ایرک وان روزین نے فن لینڈ کی فضائیہ میں شامل کرایا تھا۔  انہوں نے 1918میں فن لینڈ کی فضائیہ کو ایک طیارہ تحفے میں دیا تھا جس پر نیلے رنگ کے سواستیکا کا نشان بنا ہوا تھا۔  روزین سواستیکا کو خوش قسمتی کی علامت سمجھتے تھے۔

بعد کے دنوں میں فن لینڈ فضائیہ نے اسی علامتی نشان کو استعمال کرنا شروع کردیا۔ لیکن جب ہٹلر نے نازی پارٹی  کے لیے اس نشان کو اپنا یا تو یہ سامیت مخالفت کی علامت سمجھا جانے لگا۔

روزین کا گوکہ 1918 میں نازیوں سے کسی طرح کا کوئی تعلق نہیں تھا تاہم اپنے برادر نسبتی کے ذریعہ نازی جرمنی کے ساتھ ان کا تعلق بالآخر اس طرح قائم ہوگیا کہ ان کے برادر نسبتی ہٹلر کے قریبی دوست تھے۔

پروفیسر تیئے وینن کا کہنا ہے کہ فن لینڈ نے 2017 میں سواستیکا کو اس لیے تبدیل کردیا کیوں کہ اس سے ممکنہ طور پر فن لینڈ کی فوج کو نقصان ہوسکتا تھا۔  اس کی وجہ سے فوج کے تئیں نوجوانوں کا رجحان متاثر ہوسکتا ہے۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ فن لینڈ کا پڑوسی ملک روس بھی اس علامتی نشان کی وجہ سے یہ کہہ سکتا تھا کہ فن لینڈ اس کا دشمن ہے۔

 فن لینڈ کی ایئر فورس اکیڈمی سواستیکا نشان کا استعمال اب بھی کررہی ہے۔

انکیتا مکھوپادھیائے/ ج  ا/  ص ز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں