فلپ ہیوز کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد کی شرکت
3 دسمبر 2014آسٹریلیا کی شمالی ساحلی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں فلپ ہیوز کی آخری رسومات کے سلسلے میں بدھ کے دن منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب میں آسٹریلوی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک سمیت پورے ٹیسٹ اسکواڈ کے علاوہ سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آسٹریلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ کے علاوہ حکمران اور اپوزیشن پارٹی کے متعدد سیاستدان بھی وہاں موجود تھے۔ اس تقریب کے آغاز سے قبل ہیوز کے چھوٹے سے آبائی قصبے میکسوِل کے ہائی اسکول کے ہال میں جب ان کا تابوت پہنچا تو وہاں موجود سوگواران نے ہیوز کو انتہائی احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا۔
پچیس نومبر کو ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران فاسٹ بولر شین ایبٹ کا ایک باؤنسر فلپ ہیوز کو گردن پر لگا تھا، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے تھے۔ ہسپتال میں زیر علاج پچیس سالہ ہیوز دو دن بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے تھے۔ اگر وہ زندہ ہوتے تو گزشتہ اتوار کے دن ان کی 26 ویں سالگرہ منائی جاتی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا ہے کہ ہیوز کی آخری رسومات کی مرکزی تقریب میں ماحول انتہائی سوگوار تھا۔ ہیوز کے دوستوں، اہل خانہ اور دیگر قریبی ساتھیوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی زندگی کے چیدہ چیدہ واقعات حاضرین کے ساتھ شیئر کیے۔ ایک اندازے کے مطابق ہیوز کی آخری رسومات کی تقریب میں کم ازکم ڈھائی ہزار افراد نے شرکت کی۔
بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے نگران کپتان ویراٹ کوہلی، ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار کھلاڑی اور ٹیسٹ کپتان برائن لارا، رچرڈ ہیڈلی، گلین میگرا، رکی پونٹنگ، شین وارن، شین ایبٹ، مارک ٹیلر اور دیگر کئی نامور کھلاڑی بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اس تقریب کو آسٹریلیا کے ٹیلی وژن چینلز کے علاوہ متعدد عالمی نیوز چینلز نے بھی براہ راست نشر کیا۔ کاؤنٹٰی ٹاؤن میکسوِل کے علاوہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نصب بڑی بڑی اسکرینوں پر بھی اس تقریب کو براہ راست دکھایا گیا۔ آٹھ روز قبل ہیوز کو سڈنی کے گراؤنڈ پر یہ حادثہ پیش آیا تھا۔
اس تقریب میں ہیوز کی زندگی کو یاد کیا گیا، دعائیہ گیت گائے گئے، ان کے مختصر کرکٹ کیریئر کی بہترین اننگز کی جھلکیاں دکھائی گئیں اور ان کی کرکٹ سے محبت کی کہانیاں سنائی گئیں۔ ہیوز کے قریبی دوست مائیکل کلارک نے ان کے کنبے کی طرف سے بیان پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر وہ آبدیدہ بھی ہو گئے۔ یہ تقریب ایلٹن جان کے گیت Don't Let the Sun Go Down on Me کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ کرکٹ کے دلدادہ برطانوی اسٹار ایلٹن جان نے گزشتہ ہفتے جرمنی میں منعقد ہوئے اپنے ایک کنسرٹ میں اسی گانے کے ساتھ فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔