1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائن میں شدید زلزلہ، بڑے پیمانے پر تباہی

عاطف توقیر15 اکتوبر 2013

فلپائن میں منگل کی صبح 7.2 شدت سے آنے والے زلزلے کے نتیجے میں سڑکوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جب کہ اب تک فلپائن کے وسطی حصے میں کم از کم 85 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/19zXN
تصویر: Reuters

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس زلزلے کے باعث فلپائن کے سب سے قدیم گرجہ گھر کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد سڑکوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ فلپائن کے کیبو صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے AP کو بتایا کہ زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں، گھروں اور ہسپتالوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ نے عمارتوں سے باہر نکل کا جان بچانے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق متعدد مقامات پر بھگدڑ مچنے کے باعث پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

بتایا گیا ہےکہ ملک میں قومی چھٹی کی وجہ سے منگل کے روز اسکول اور دفاتر بند تھے اور اسی وجہ سے جانی نقصان خاصا کم ہوا۔

AP کے مطابق یہ زلزلہ صبح آٹھ بج کر بارہ منٹ پر فلپائن کے بوہوم جزیرے کے کارمن نامی علاقے میں 33 کلومیٹر گہرائی میں آیا، تاہم اس سے سونامی پیدا نہیں ہوئی۔ کیبو صوبے میں 15 جب کہ بوہوم جزیرے میں چار افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق اس زلزلے کے باعث مجموعی طور پر 33 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Philippinen Erdbeben Oktober 2013
زلزلے سے نظام مواصلات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہےتصویر: Michael Poole/AFP/Getty Images

مقامی میڈیا پر نشر کیے جانے والے مناظر میں کیبو صوبے میں متعدد منہدم عمارتیں اور جاری امدادی کارروائیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ کیو صوبے کے میئر کے ایک نائب کے مطابق، ’یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج اسکول اور دفاتر میں چھٹی تھی۔ زلزلے کے بعد ہسپتال اور دیگر عمارتوں سے لوگوں کو فوری طور پر باسکٹ بال کورٹس اور میدانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ عمارتوں کے حفاظتی جائزے کے بعد ہی ہم ان افراد کو واپس جانے کا کہہ پائیں گے۔‘

کیبو صوبے میں قائم فلپائن کے سب سے قدیم چرچ دی باسِلکا آف دا ہولی چائلڈ کی عمارت اس زلزلے سے شدید متاثر ہوئی اور اس کے گھنٹہ گھر کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات بھی ہیں۔