1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

فلسطینی ریاست کے خلاف قرار داد، اسرائیلی پارلیمنٹ پر تنقید

19 جولائی 2024

فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی قرار داد کو مسترد جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4iVLU
اسرائیلی پارلیمنٹ
اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف بدھ کی رات کثرت رائے سے ووٹ دیاتصویر: Maya Alleruzzo/AP/picture alliance

فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت میں منظور کی گئی قرار داد کی مزمت کرتے ہوئے بینجمن نیتن یاہو کی حکومت پر "خطے کو انتہائی افراتفری کی گہری کھائی" میں دھکیلنے کا الزام لگایا ہے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف بدھ کی رات کثرت رائے سے ووٹ دیا۔ اس حوالے سے پارلیمان میں منظور کردہ ایک قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ "اردن کے مغرب میں (زمین پر) فلسطینی ریاست کے قیام کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔"

اقوام متحدہ نے بھی اپنے رد عمل میں کہا کہ سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش بھی اسرائیلی پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے اس نتیجے سے کافی مایوس ہوئے ہیں۔

اسرائیل کا شمالی غزہ سٹی سے سب فلسطینیوں کو نکل جانے کا حکم

فلسطینیوں کے خلاف تشدد: اسرائیلی شہریوں پر امریکی پابندیاں

ان کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا،"آپ دو ریاستی حل کو مسترد نہیں کرسکتے۔ لہذا سیکریٹری جنرل کینسٹ کے فیصلے سے بہت مایوس ہیں۔"

وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کی
وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کیتصویر: Avi Ohayon/Israel Prime Minister's Office/AP/picture alliance

نیتن یاہو نے رفح کا دورہ کیا

اسرائیلی پارلیمنٹ میں اس پیش رفت کے بعد جمعرات کو اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح کا اچانک دورہ کیا اور اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی افواج مئی میں رفح میں داخل ہوئی تھیں اور وہاں پناہ لینے والے بیس لاکھ فلسطینیوں میں سے زیادہ تر کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

نیتن یاہو نے بعد میں ایک بیان میں کہا، "صرف فوجی دباؤ ہی ہمیں یرغمالیوں کے معاہدے کو آگے بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔"

ج ا / ص ز (ا ے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے)