1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: واورنکا فاتح

عابد حسین7 جون 2015

ٹینس کھیل کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں سوئٹزر لینڈ کے اسٹین واورِنکا نے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووِچ کو ہرا کر مردوں کی چیمپیئن شپ جیت لی ہے۔ فائنل میچ تین گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا۔

https://p.dw.com/p/1Fd5g
اسٹین واورِنکاتصویر: Getty Images/AFP/K. Tribouillard

سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکووچ کو ٹورنامنٹ کا فیورٹ کھلاڑی خیال کیا گیا تھا اور وہ فائنل تک رسائی بھی حاصل کر گئے۔ فائنل کے دن بھی وہ فیورٹ خیال کیے جا رہے تھے لیکن انجام کار وہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ جیتنے میں ناکام رہے۔ سوئٹزرلینڈ کے اسٹینسلاس واورِنکا نے شاندار اور زور دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک کو کھیل کے تمام پہلووں میں مات دے کر مینز سنگلز چیمپیئن شپ جیتی۔ سربیا کے جوکووچ نے فائنل میچ کا پہلا سیٹ ضرور جیت کر اپنے مخالف کے لیے پریشانی پیدا کی لیکن پھر وہ میچ پر گرفت قائم نہ رکھ سکے۔

عالمی درجہ بندی میں واورِنکا کی پوزیشن آٹھویں ہے اور وہ اِس سے قبل صرف ایک گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز رکھتے تھے۔ گزشتہ برس آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد انہوں نے اپنا یہ دوسرا میجر ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اتوار کے روز کھیلے جانے والے فائنل میچ میں سوئس کھلاڑی نے نو مرتبہ زوردار پہلی سروس پر پوائنٹس حاصل کیے۔ انہوں نے زوردار سروس کے علاوہ انتہائی پھرتی سے جوکووچ کے لیے مشکلات پیدا کیں۔

2015 French Open Novak Djokovic
نوواک جوکووچتصویر: Getty Images/D. Istitene

جوکووچ نے پہلا سیٹ چھ چار (6/4) سے جیتا۔ اگلے تین سیٹ واورنکا نے چھ چار (6/4)، چھ تین (6/3) اور چھ چار (6/4) سے جیتے۔ چوتھے سیٹ میں جوکووچ نے ابتدائی تین گیمز جیت لیں مگر عالمی نمبر آٹھ نے شاندار کم بیک کیا اور تین گیمز کو برابر کرنے کے بعد اگلی تین گیمز جیت کر ٹورنامنٹ کی مرکزی ٹرافی بھی حاصل کر لی۔ آخری گیم میں میچ پوائنٹ پر جوکووچ نے کوشش ضرور کی لیکن وہ واورِنکا کو نروس کرنے سے قاصر رہے۔ گزشتہ پچیس برسوں میں فرنچ اوپن جیتنے والے واورِنکا سب سے بڑی عمر کے کھلاڑی ہیں۔ ان کی عمر تیس برس ہے۔

فرنچ اوپن سے قبل جوکووچ نے کہا تھا کہ وہ فرنچ اوپن جیتنے کی پوری کوشش کریں گے کیونکہ وہ ایک وقت میں چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فاتح بننے کا خواب رکھتے ہیں۔ اگر وہ جیت جاتے تو آٹھویں کھلاڑی ہوتے جس کے پاس ایک ہی وقت میں ٹینس کے چاروں میجر ٹورنامنٹ کی چیمپیئن شپ رکھنے کا اعزاز ہوتا۔ فائنل سے قبل واورِنکا نے سابق عالمی نمبر ایک اور اپنے ہم وطن راجر فیڈرر کو شکست دی تھی اور جوکووچ نے فرنچ اوپن کو نو مرتبہ جیتنے والے ہسپانوی اسٹار رافیل ندال کو ہرایا تھا۔