1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی کسانوں کا ’جنگل‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

صائمہ حیدر5 ستمبر 2016

فرانسیسی کسانوں اور ٹرک ڈرائیوروں نے فرانس کے بندر گاہی شہر کیلے کی ایک مہاجر بستی جو ’جنگل‘ کے نام سے جانی جاتی ہے، میں مہاجر کیمپوں کی بندش کے لیے آج ایک مشترکہ کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jvql
Frankreich Protest der LKW-Fahrer für die Auflösung des Flüchtlingscamps Jungle
احتجاجی مظاہرےکے منتظمین کو امید تھی کہ قریب پانچ سو افراد شہر کے مرکزی سٹیڈیم میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر احتجاج کریں گےتصویر: picture-alliance/dpa/A. Christiaen

اس کارروائی کے تحت کیلے کے اندرونی اور بیرونی اہم راستوں کو بلاک کیا جا رہا ہے۔ اسی شہر سے چینل ٹنل کے نام سے وہ زیر سمندر سرنگ بھی شروع ہوتی ہے، جو فرانس اور برطانیہ کو آپس میں ملاتی ہے۔ مہاجر بستی’ جنگل‘ کے ان مہاجرین کی کوشش رہتی ہے کہ وہ کسی طرح یہ ٹنل عبور کر کے برطانیہ پہنچ جائیں تاہم دونوں ممالک کی جانب سے زبردست سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے یہ مہاجر اس سرنگ کے قریب تک بھی نہیں جا سکتے۔ آج ہلکی ہلکی بارش کے دوران ستر کے قریب ٹرکوں نے اے سولہ موٹر وے پر احتجاجی کارروائی شروع کی۔ یہ موٹر وے بحری جہازوں کے ذریعے آنے والے سامان اور مسافروں کے برطانیہ جانے کے لیے مرکزی شاہراہ ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ کسان ذرا دیر بعد اس احتجاج میں شریک ہوں گے۔

احتجاجی مظاہرےکے منتظمین کو امید تھی کہ قریب پانچ سو افراد پیر کے روز دیر سے شہر کے مرکزی سٹیڈیم میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر احتجاج کریں گے۔ کیلے میں کاروبار اور دکانوں کے مالکان کے نمائندے فریڈرک واں گانزبیک نے کہا،’’چونکہ ہمیں کوئی جواب نہیں ملا ہے اس لیے ہم چیزوں کو بند کر رہے ہیں۔‘‘ایک اور شخص نکولس لوٹن جو قریبی علاقے میں لاجسٹک کمپنی چلاتا ہے، کا کہنا تھا،’’ہر روز یہ فکر ہمارے سر پر سوار رہتی ہے کہ کیا ہمارا آج کا دن بھی تباہ ہو جائے گا؟ کیا آج بھی کوئی مہاجر کسی ٹرک کے نیچے کچلا جائے گا؟‘‘ لوٹن نے مزید کہا کہ اگر ترسیل کی جانے والی اشیاء کو نقصان پہنچتا ہے تو انہیں فوراﹰ متعلقہ گودام میں واپس بھیجنا ہوتا ہے۔

Frankreich Flüchtlingslager Jungle in Calais
فرانس نے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں کی اس مہاجر بستی کو بند کرنے کے لیے لگاتار کوششیں کی ہیںتصویر: Getty Images/AFP/P. Huguen

جنگل بستی کے پناہ گزین اکثر برطانیہ کی جانب رواں دواں ٹرکوں کی رفتار سست کرنے کے لیے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیتے ہیں تاکہ وہ ان ٹرکوں پر سوار ہو کر برطانیہ پہنچ سکیں جو ان کے نزدیک سونے سے بھری مالامال سرزمین ہے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ برنارڈ کازینووا نے گزشتہ ہفتے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ جنگل کیمپ کو جلد از جلد بند کر دیا جائے گا۔ فرانس نے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں کی اس مہاجر بستی کو بند کرنے کے لیے لگاتار کوششیں کی ہیں۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے پناہ گزینوں کے بعد اس مہاجر کیمپ میں سات ہزار تارکین وطن رہائش پذیر ہیں۔ تاہم یہاں کام کرنے والے خیراتی اداروں کا کہنا ہے کہ جنگل میں مہاجرین کی تعداد دس ہزار تک ہے۔