1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمر البشیر نے ایک مرتبہ پھر سوڈانی صدر کا حلف اٹھا لیا

عدنان اسحاق2 جون 2015

سوڈان میں عمر البشیر نے مزید پانچ برسوں کے لیے ملکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ اپریل میں ہونے والے انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے۔ وہ گزشتہ پچیس برسوں سے سوڈان کے صدر ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FakB
تصویر: imago/Xinhua

دی ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت کو مطلوب عمر البشیر کو اپریل میں ہونے والے انتخابات میں 94 فیصد ووٹ ملے تھے۔71 سالہ عمر البشیر نے آج دو جون کو دارالحکومت خرطوم میں ارکان پارلیمان کے سامنے سربراہ مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس تقریب میں وہ سوڈان کا روایتی لباس پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا۔ تاہم بعد میں انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ مغربی ممالک سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں:’’انشاءاللہ سوڈان مغربی ممالک سے تعلقات پہلے کی طرح بحال کرنے کے لیے کوششیں کرتا رہے گا۔‘‘ ایک ایسے ملک کے سربراہ کی جانب سے اس پیغام کو انتہائی غیر متوقع سمجھا جا رہا ہے، جس پر سالوں سے اقتصادی پابندیاں عائد ہوں۔

Flüchtlinge im Südsudan
سوڈان کے علاقے دارفور میں 2003ء سے نسلی فسادات جاری ہیںتصویر: AFP/Getty Images/C. Lomodong

حلف برداری کی تقریب میں فوجی عہدیداروں کے علاوہ غیر ملکی مہمان بھی موجود تھے۔ مصری صدر عبدالفتح السیسی، زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے اور کینیا کے سربراہ مملکت اوہورو کنیاٹا اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں۔

عمر البشیر نے 1989ء میں اقتدار پر قبضہ کیا تھا۔ اس کے بعد 2010ء میں وہ انتخابات کے ذریعے دوبارہ سوڈان کے صدر منتخب ہوئے۔ ان انتخابات کو شفافیت کے فقدان کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ملکی حزب اختلاف نے بھی انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔

سوڈان کے علاقے دارفور میں 2003ء سے نسلی فسادات جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس تنازعے میں اب تک تین لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد تقریباً بیس لاکھ ہے۔ خرطوم حکومت کے مطابق دارفور تنازعے میں صرف دس ہزار شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ دی ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 2009ء میں عمر البشیر پر جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے جبکہ 2010ء میں عائد کیے جانے والے نسل کشی کے الزام کی وجہ سے عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔