1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عامر خان کی امریکی لیجنڈ میویدر سے مقابلے کی خواہش

عاطف بلوچ5 مئی 2014

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ویلٹر ویٹ ڈویژن کے پہلے ہی مقابلے میں اپنے حریف باکسر لوئیس کولازو کو شکست دینے کے بعد کہا ہے کہ اب وہ امریکی لیجنڈ باکسر فلائڈ میویدر کو شکست دینے کے خواہاں ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Btxx
تصویر: AP

تیرہ ماہ کے بعد باکسنگ رِنگ میں اترنے والے ستائیس سالہ عامر خان نے ہفتے کے دن لاس ویگاس کے ایم جی ایم گرانڈ ہوٹل میں منعقد ہوئے ایک مقابلے میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور امریکا سے تعلق رکھنے والے اپنے حریف لوئیس کولازو کو واضح برتری سے شکست دے دی۔ ویلٹر ویٹ ڈویژن کے 67 کلوگرام کی اس کیٹیگری میں وہ پہلی مرتبہ حصہ لے رہے تھے۔ قبل ازیں وہ دو مرتبہ عالمی چیمپئن شپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

ویلٹر ویٹ ڈویژن میں کامیاب انداز میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے عامر خان نے کہا ہے کہ وہ اب ناقابل شکست امریکی باکسر فلائڈ میویدر کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ ہفتے کے دن دو مقابلے ہوئے، جن میں سے ایک میں عامر خان کو کامیابی ملی جبکہ دوسرے میں میویدر نے ارجنٹائن کے مارکوز میدانا کو مات دی۔ اگرچہ عامر خان میدویدر کے مد مقابل آنا چاہتے تھے تاہم میویدر نے عامر سے فائٹ کے بجائے میدانا سے لڑنے کو ترجیح دی تھی۔

Bildergalerie Sport Highlights 2012
پانچ مئی کو فلائڈ میویدر (دائیں) نے ارجنٹائن کے مارکوز میدانا کو مات دیتصویر: AFP/Getty Images

عامر خان کے بقول اس تازہ کامیابی کے بعد وہ سمجھتے ہیں کہ اب وہ 37 سالہ میویدر کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔ میویدر کے فائٹنگ اسٹائل پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی باکسر نے کہا کہ میدانا کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے انہوں نے متعدد غلطیاں کیں، جو وہ عموماﹰ نہیں کرتے۔ عامر کا خیال ہے کہ شاید عمر ڈھلنے کے باعث میویدر اپنے انداز میں وہ چابکدستی اور تیزی دکھانے میں ناکام رہے۔ عامر نے بتایا کہ یہ مناسب وقت ہے کہ میویدر کا مقابلہ کیا جائے اور انہیں شکست دے دی جائے۔

عامر خان کا کہنا ہے، ’’یقینی طور پر لوگ چاہتے ہیں کہ میں اور فلائڈ میویدر ایک دوسرے کا مقابلہ کرنے کے لیے رِنگ میں اتریں۔‘‘ پاکستانی نژاد اس باکسر کا مزید کہنا ہے کہ جس انداز سے وہ فائٹ کرتے ہیں، اس سے میویدر کو مشکلات میں ڈالا جا سکتا ہے۔ اگرچہ عامر اسی برس میویدر کے مد مقابل آنا چاہتے ہیں تاہم میچوں کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے ایسا مشکل ہی لگتا ہے کہ وہ اسی سال اپنی خواہش پوری کر سکیں۔

دوسری طرف میویدر نے بھی ایسے سوالوں کو گول مول کر دیا ہے کہ آیا وہ عامر خان کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ عامر خان اور میویدر کے مابین فائٹ کی امید کچھ یوں بھی ماند پڑ گئی ہے کیونکہ ہفتے کو میویدر نے کولازو کو شکست دینے کے بعد اس کے کوچ رابرٹ گارسیا سے ہاتھ ملاتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ کولازو سے ایک مرتبہ پھر مقابلہ کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید