1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کے ساتھ مذاکرات 'ڈیڈ‘ ہوچکے ہیں: ٹرمپ

10 ستمبر 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ بات چیت ختم کرنے کا فیصلہ ان کا اپنا فیصلہ تھا اور اس بارے میں انہوں نے کسی سے مشورہ نہیں کیا۔

https://p.dw.com/p/3PK1E
تصویر: Reuters/C. Barria

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے  بات چیت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تاثر کو رد کیا کہ انہوں نے اپنے معاونین کے مشوروں کو نظر انداز کیا اور کیمپ ڈیوڈ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کی شب ٹوئٹر کے ذریعے طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اس کی وجہ  چند روز پہلےکابل میں ہونے والا ایک حملہ بتایا، جس میں ایک امریکی فوجی سمیت بارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بعد میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عندیہ دیا تھا کہ افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ امن مذاکرات کا آغاز ممکن ہے لیکن اس کے لیے طالبان کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔

Afghanistan Herat Taliban Kämpfer
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Khan

پاکستان میں اکثرمبصرین کا خیال ہے کہ امریکا کی طرف سے طالبان مذاکرات میں تعطل عارضی ہے اور یہ معاملہ  پھر بھی سیاسی حل کی طرف جائے گا۔

لیکن پیر کے روز اپنی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ختم ہو چکے ہیں۔ اُن کے بقول امریکا افغانستان سے نکلنا چاہتا ہے لیکن اب یہ کام کسی اور مناسب وقت پر ہوگا۔

Afghanistan US-Truppen
تصویر: picture-alliance/Getty Images/T. Watkins

ادھر پاکستان کے دورے پر آئے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینتھ مکینزی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی اور پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان مسئلے کے سیاسی حل پر گفتگو کی۔

امریکی 'سینٹ کوم‘ کے سربراہ سترہ رکنی وفد کے ہمراہ ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید