1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طاقتور سابق چینی پولیس چیف اب خود کٹہرے میں

19 ستمبر 2012

اپنے انکشافات کے ذریعے چین میں گزشتہ کچھ عشروں کے سب سے بڑے سیاسی اسکینڈل کا باعث بننے والے چینی شہر چونگ کِنگ کے سابق پولیس چیف وانگ لی جُن کو اب خود عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

https://p.dw.com/p/16BOr
تصویر: Reuters

52 سالہ وانگ لی جُن کے انکشافات کے نتیجے میں چین کے ابھرتے ہوئے سیاستدان بو ژیلائی کا سیاسی کیریئر اختتام کو پہنچ چکا ہے جبکہ بو کی اہلیہ کو ایک برطانوی بزنس مین نِیل ہے وُڈ کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑا اور اُسے سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

چینی ٹیلی وژن پر شہر چونگ کِنگ کے طاقتور اور سابق پولیس چیف وانگ لی کو کٹہرے میں کھڑے دکھایا گیا۔ استغاثہ نے وانگ پر رشوت ستانی کے ساتھ ساتھ یہ الزام بھی عائد کیا کہ اُس نے اپنے طاقتور باس بو ژیلائی کی اہلیہ گُو کائیلائی کو سزا سے بچانے کے لیے برطانوی بزنس مین کے قتل پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔

معطل سزائے موت پانے والی گو کائیلائی
معطل سزائے موت پانے والی گو کائیلائیتصویر: REUTERS

وانگ لی جُن کے انکشافات کا نتیجہ گزشتہ چند دہائیوں کے سب سے بڑے سیاسی اسکینڈل کی صورت میں سامنے آیا تھا۔ بو ژیلائی، جو پہلے کمیونسٹ پارٹی کےاندرونی قیادتی مرکز میں جگہ پانے کی امید کر رہے تھے، اس اسکینڈل کے بعد سیاسی زوال کا شکار ہو گئے۔

ایسا لگ رہا تھا کہ یہ اسکینڈل اس سال موسم خزاں میں پارٹی قیادت میں مجوزہ تبدیلی پر بھی منفی اثرات مرتب کرے گا۔ اٹھارویں پارٹی کانگریس کے انعقاد سے چند ہفتے قبل اس مقدمے کی تکمیل یہ ظاہر کرتی ہے کہ سیاسی اعتبار سے یہ مقدمہ کتنا نازک تھا۔ اس حوالے سے Tsinghua یونیورسٹی سے وابستہ سیاسی امور کے ماہر Wu Qiang کہتے ہیں:’’یہ بات ناقابل تصور ہے کہ پارٹی کانگریس وانگ لی جُن کے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے سے پہلے منعقد ہونے کی صورت میں کامیابی سے ہمکنار ہو۔ پہلے اس مقدمے کے نیچے سیاسی طور پر خط تنسیخ پھیرنا اور عدالتی طور پر اس کا خاتمہ ضروری ہے۔ یہ ایک طرح کی سیاسی سودے بازی ہے تاکہ بو ژیلائی یا دیگر سرکردہ سیاستدانوں کو مزید اس مقدمے میں ملوث نہ کیا جا سکے۔‘‘

بو ژیلائی کا سیاسی کیریئر ختم ہو چکا ہے ا ور پارٹی کی سطح پر اُن کے خلاف تحقیقات جاری ہیں
بو ژیلائی کا سیاسی کیریئر ختم ہو چکا ہے ا ور پارٹی کی سطح پر اُن کے خلاف تحقیقات جاری ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وانگ لی جُن کے خلاف مقدمے کا فیصلہ کب سنایا جائے گا۔ آیا خود بو ژیلائی کو بھی قتل کی سازش کا علم تھا، ابھی یہ بات بھی غیر واضح ہے۔ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ بو ژیلائی کا مستقبل کیا ہو گا۔ استغاثہ تو نہیں البتہ پارٹی کی جانب سے بو کے خلاف ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔

بو ژیلائی تمام پارٹی عہدوں سے دستبردار ہو چکے ہیں لیکن پارٹی کے اندر ابھی بھی اُن کے حمایتی موجود ہیں۔ ایسے میں مبصرین کا اندازہ یہ ہے کہ شاید بو کو عدالتی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ بو کی اہلیہ کو معطل سزائے موت سنائی جا چکی ہے اور سابق پولیس چیف وانگ کو بھی سخت سزا ہو سکتی ہے۔

بو ژیلائی کی سزا غالباً پارٹی سے اخراج تک ہی محدود رہے گی۔ اِس صورت میں پارٹی کا مقصد بھی پورا ہو جائے گا کہ لوگ سر دست اُس پورے نظام کے بارے میں سوال کرنا چھوڑ دیں گے، جس نے اتنے بڑے پیمانے پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور بد عنوانی کی اجازت دی۔

R. Kirchner/aa/ia