1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی باغیوں کی فوری امداد: فرینڈز آف سیریا کا فیصلہ

23 جون 2013

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فرینڈز آف سیریا کا اجلاس منعقد ہوا اور اس میں شامی باغیوں کی فوری امداد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں گیارہ ملکوں کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔

https://p.dw.com/p/18uYC
تصویر: Reuters

شورش زدہ ملک شام کے صدر بشار الاسد کے مخالف مغربی اور عرب ملکوں نے مسلح مزاحمت کرنے والے باغیوں کی فوری امداد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہفتے کے روز ہونے والی فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں میزبان ملک قطر کے علاوہ مصر، فرانس، جرمنی، اٹلی، اردن، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات اور ترکی کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔ جرمنی کے وزیر خارجہ گیڈو ویسٹرویلے بھی اجلاس میں شرکت کے لیے قطر پہنچے ہوئے تھے۔

Syrien-Kontaktgruppe Doha
امریکی وزیر خارجہ جان کیریتصویر: Reuters

فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں شریک وزراء نے شام میں اسد حکومت کی وفادار فوج کے شانہ بشانہ لبنان کی انتہا پسند تنظیم حِزب اُللہ کے مسلح گوریلوں کے علاوہ ایران اور عراق سے بھی مسلح جنگجووں کی شرکت کی پرزور انداز میں مذمت کی۔ اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے اس کا مطالبہ کیا کہ ان ملکوں کے مسلح جنگجو فوری طور پر اپنے اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔ فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں شریک گیارہ ملکوں کے وزراء اس پر بھی متفق ہوئے کہ شامی اپوزیشن کے باغیوں کو ضروری آلات اور سامان کی ترسیل ہر ملک اپنے طور پر کرے گا۔

Syrien Kontaktgruppe 22.06.2013
جان کیری اجلاس کے دورانتصویر: Reuters

فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں شامی مسلح تنازعے میں مذہبی فرقہ واریت کے ابھرتے پہلُو پر بھی خاصی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزراء کے مطابق اس باعث پیدا شدہ بیرونی مداخلت نے شام کے اتحاد کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں اور ایسا امکان بڑھ گیا ہے کہ یہ تنازعہ سارے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ وزراء نے شام میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کے علاوہ افزائش پاتے انتہاپسندی کے رویوں پر بھی خاصے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب فرانس کے صدر فرانسوا اولانڈ ہفتے کے روز قطر پہنچ گئے ہیں۔ وہ قطری حکام کے ساتھ شام کے تنازعے کے علاوہ دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کریں گے۔ قطر پہنچنے کے بعد وہاں پر آباد فرانسیسی کمیونٹی کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے اولانڈ نے فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں شامی باغیوں کی فوری امداد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد کی حمایت میں تسلسل پیدا ہونے کے علاوہ اسے قوت بھی حاصل ہو گی۔ اولانڈ کے مطابق اس کا امکان ہے کہ فریقین مجوزہ امن بات چیت میں شریک ہو کر مسلح تنازعے کا کوئی سیاسی حل حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ فرانسیسی صدر کا اشارہ روس اور امریکا کی مجوزہ امن کانفرنس کی جانب تھا۔

(ah/ng(reuters