سینٹ پیٹرز برگ میں بم دھماکا، 10 ہلاک
3 اپریل 2017ایمرجنسی سروسز نے روسی نیوز ایجنسیوں کو بتایا کہ سینٹ پیٹرز برگ کے زیر زمین ریلوے کے نظام میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں 10 کے قریب افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قبل ازیں سینٹ پیٹرز برگ کے میٹرو نظام کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ ٹرین کے ایک ڈبے میں نامعلوم چیز کا دھماکا ہوا ہے۔ بعد ازاں ذرائع نے روسی نیوز ایجنسیوں کو مطلع کیا کہ ’’ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق قریب 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں‘‘۔
روسی نیوز ایجنسیوں نے کریملن کے ایک ترجمان دیمتری پیشکوف کے حوالے سے بتایا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو اس دھماکے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ پوٹن آج اس شہر کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں وہ بیلا بیلاروس کے صدر سے ملاقات کریں گے۔ اس واقعے کے بعد صدر پوٹن نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روس کے شمالی شہر سینٹ پیٹرز برگ کی زیر زمین ریلوے کی انتظامیہ نے بتایا تھا کہ دھماکے کے بعد کئی ایک اسٹیشن بند کر دیے گئے ہیں اور وہاں سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
اے پی کے مطابق سوشل میڈیا پر لوگوں کی طرف سے شیئر کی گئی معلومات کے مطابق یہ دھماکا شہر کے مرکز کے ایک اسٹیشن پر ہوا۔ تصاویر میں کئی ایک لوگوں کو ٹرین کے فرش پر پڑے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ٹرین کا ایک دروازہ دھماکے سے تباہ نظر آ رہا ہے۔